• news

عمران صادق امین نہیں عوام کو ریلیف دینا ہے نواز شریف کو وزارت عظمی دلانا پارٹی خواہش  اسحاق ڈار

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ عمران خان صادق اور امین نہیں ہے۔ عمران خان سے متعلق بہت کچھ جانتا ہوں۔ عمران خان خاموش نہ رہے تو عوام کو سب کچھ بتاؤں گا۔ شوکت خانم کیلئے ہم بھی ڈونیشن دیتے رہے ہیں۔ عمران کے ساتھ بہت اچھا تعلق رہا ہے۔ عمران خان مجھے ’’اسحاق یار‘‘ کہہ کر پکارتے تھے۔ انگلینڈ کے ان لینڈ ریونیو کو انہوں نے نہیں چھوڑا۔ زندگی میں اپنے ٹیکس ریٹرنز مقررہ تاریخ سے آگے نہیں جانے دیئے۔ انہوں نے میرا پاسپورٹ منسوخ کرا دیا۔ عمران خان نے اپنے مخالفین کے ساتھ برا سلوک روا رکھا۔ عمران خان نے پاکستان کو ہر فورم پر بدنام کیا۔ عمران خان فاشسٹ ہے، ان کا رجیم بھی فاشسٹ تھا۔ عمران خان دونوں حکومتوں کو چور کہتے رہے۔ انہوں نے 4 سال میں سب سے زیادہ قرضے لئے۔ اگر ہم چور ہیں تو یہ بہت بڑے ڈاکو ثابت ہوئے ہیں۔ بیرون ملک علاج کرانے کیلئے گیا تھا۔ ٹیکس گوشواروں سے متعلق مجھ پر جھوٹا مقدمہ بنایا گیا۔ عمران خان نے اپنے دور میں سیاسی مخالفین کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا۔ عمران ڈیل اور ڈھیل کی پیداوار ہے۔ عمران کو 1993ء میں پارٹی جوائن کرنے کا کہا تھا۔ عمران نے کہا میری توبہ کبھی سیاست میں نہیں آؤں گا۔ ہم نے 126 دن کا دھرنا دیکھا۔ دھرنے کے باعث چینی صدر کا دورہ منسوخ ہوا۔ عمران خان نے چینی سفیر کی بات بھی نہیں مانی۔ نواز شریف کی تاحیات نااہلی دنیا کسی پیمانے پر پورا نہیں اترتی۔ نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار بنانا پوری پارٹی کی خواہش ہے۔ عمران خان کی ترجیح ملکی مفاد نہیں۔ شہباز شریف اور پارٹی کی خواہش ہے کہ الیکشن ہو تو نواز شریف ہی لیڈ  کریں۔ ڈالر کو ایکہ ہفتے تک مصنوعی رکھا جا سکتا ہے چار سال تک نہیں۔ چار سال میں ملک کو چار ہزار ارب کا ٹیکہ لگ چکا ہے۔ پچھلی رجیم کو مفتاح اسماعیل فالو کر رہے تھے۔ اس ماہ پٹرول پر 5 روپے لیوی لگنے والی تھی۔ آئی ایم ایف کو 25 سال سے ڈیل کر رہا ہوں۔ ہم نے عوام کو ریلیف دینا ہے۔ آئی ایم ایف سے ڈیل کروں گا کسی کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں۔ وزیر خزانہ  سے پاکستان میں قطر اور یو اے ای کے کے سفیروں، افغانستان کے نامزد ہیڈ آف مشن  اور  یو کے کی ڈپٹی اپوزیشن لیڈرنے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ پاکستان میں قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن بن فیصل الثانی نے آج اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسحق ڈار سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور قطر کے درمیان دوطرفہ معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے  قطر سرمایہ کاری اتھارٹی کی طرف سے  تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبے کو سراہا۔ قطر کے سفیر نے اسحاق ڈار کو وزارت کی مبارک باد دی۔ وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے ملاقات کی۔ دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو بڑھانے اور مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کئی شعبوں میں دیرینہ دوطرفہ تعلقات ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے وزیر خزانہ کو وزارت خزانہ میں شمولیت پر مبارکباد پیش کی اور ابوظہبی انویسٹمنٹ اتھارٹی کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ اسحاق ڈار سے منگل کو افغانستان کیلئے پاکستان کے نامزد ہیڈ آف مشن عبیدالرحمن نظامانی نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے ہمسائیگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے برادر ملک کے ساتھ تجارت اور اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر خزانہ نے نامزد ہیڈ آف مشن کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ یو کے کی ڈپٹی لیڈر آف اپوزیشن  انجیلا رینر اور یو کے ہاؤس آف لارڈز کے ممبر لارڈ واجد خان نے وفاقی وزیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بارے میں بتایا اور کہا کہ پاکستان کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعاون مستقبل میں مزید مضبوط ہو گا۔ وزیر خزانہ  اسحاق ڈار نے برطانیہ کی اقتصادی ترقی اور دونوں ممالک کے درمیان پل تعمیر کرنے میں پاکستانی تارکین وطن کے تعاون کو بھی سراہا۔ انجیلا رینر نے تباہ کن سیلاب کی وجہ سے جانوں، انفراسٹرکچر اور املاک کے نقصان پر ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ  مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں۔
اسحاق ڈار
 

ای پیپر-دی نیشن