ویڈیو ملنے کے باوجود پولیس بھتیجے کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کرسکی:یاسر عرفات رامے
کامونکی(نمائندہ خصوصی)تفتیش میں ہر طرح کا تعاون اور قاتل کی نمایاں ویڈیو ملنے کے باوجود پولیس میرے بھتیجے کے قاتلوں کو چار ماہ بعد بھی گرفتار نہیں کرسکی۔ان خیالات کا اظہار سابق امیدوار صوبائی اسمبلی یاسر عرفات رامے ایڈووکیٹ نے گزشتہ روز اپنے ڈیرہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ چار ماہ قبل میرے بھتیجے زبیر شفیق رامے ایڈووکیٹ کو قتل کردیا گیا تھا جس کا مقدمہ تھانہ صدر میں درج ہے مگر پولیس کی نااہلی وغفلت کے باعث ابھی تک قاتل گرفتار نہیں ہوسکا حالانکہ ہم نے تفتیش کے حوالے سے تمام اداروں سے بھرپور تعاون کیا ہے اور اْن کے کہنے پر ہم نے اپنے ہمارے خاندان کے بھی کئی افراد کو شامل تفتیش ہے اور اس کے علاوہ وقوعہ کی تمام سی سی ٹی وی ویڈیوز تفتیشی اداروں کے حوالے کیں مگر اس کے باوجود پولیس کی کارکردگی صفر رہی ہمیں صرف طفل تسلیاں ہی دیتے رہے۔انہوں نے کہاکہ ویڈیو میں قاتل واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے مگر پولیس کو ابھی تک نظر نہیں آیا۔انہوں نے کہاکہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ میرے بھتیجے زبیر شفیق رامے ایڈووکیٹ کے قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے ورنہ ہم وکلاء برادری اور دیگر سماجی تنظیموں سے ملکر بھرپور احتجاج کرینگے،اس موقع پر مقتول کے والد حاجی محمد شفیق رامے،مہر عبدالسلام،میاں عمران اللہ مہر اور میاں عابد آرائیں بھی موجود تھے۔