اسا تذہ قوم کے محسن ، مسا ئل حل کرنے کیلئے فول پروف سسٹم بنایا جا ئے : پرویزالہی
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ میں اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے اور تمام اساتذہ کو عزت و احترام سے سلام پیش کرتا ہوں۔ طالب علم کی سوچ اور فکر کی راہ متعین کرنے میں استاد کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ اساتذہ کی عزت و تکریم سب کا فرض ہے۔ اساتذہ قوم کے محسن اور ہمارا افتخار ہیں۔ استاد کی عزت و تکریم کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کالج اساتذہ کے مسائل کے حل کیلئے فول پروف سسٹم وضع کرنے کا حکم دیا ہے۔ پنجاب حکومت اساتذہ کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی ہدایت پر سیکرٹریز ہائر ایجوکیشن، ریگولیشن اور قانون پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، کمیٹی 14 روز میں اساتذہ کے مسائل کے حل کیلئے قابل عمل تجاویز پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رحجان کو روکنے کیلئے کڑی سزائیں دی جائیں گی۔ پنجاب میں منشیات کے سدباب کیلئے بااختیار ادارہ بنایا جائے گا۔ خصوصی عدالتیں اور پولیس سٹیشن قائم کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ اساتذہ کرام تعلیمی اداروں میں منشیات سے بچاؤ کیلئے آگاہی پیدا کرنے میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی سے گزشتہ دنوں گورنمنٹ فاطمہ جناح کالج چونا منڈی کے ٹیچنگ سٹاف نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کنٹریکٹ اساتذہ کے معاملے پر ہمدردانہ غور کی یقین دہانی کرائی۔