والد سے ملنے کیلئے بے چین ہوں ، مریم نواز لندن روانہ ہو گئیں
لاہور +لندن(این این آئی+نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز پاسپورٹ مل جانے کے بعد لندن روانہ ہوگئیں۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز لاہور ایئرپورٹ سے قطر ایئرویز کی پرواز 629 کے ذریعے براستہ دوحہ لندن روانہ ہوئیں، نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان اور ایک ملازمہ بھی ان کے ساتھ روانہ ہوئی ہیں، مریم نواز 3 سال بعد اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کریں گی جبکہ اپنے بھائیوں سے بھی تقریباً 4 سال بعد ملیں گی۔ مریم نواز کی واپسی ایک ماہ بعد 6 نومبر کو شیڈول ہے، نوازشریف کا مریم نواز کے ساتھ واپس آنے کا امکان ہے۔ لیگی رہنما مریم نواز کا کہنا تھا کہ والد سے ملنے کے لئے بے چین ہوں، احساسات بیان نہیں کر سکتی، نوازشریف کا راستہ صاف، اب عدالت میں درخواست دیں گے، عمران خان کی گردن قانون کے شکنجے میں پھنسنے لگتی ہے تو معافی مانگ لیتے ہیں، ایوان صدر میں خفیہ ملاقاتیں کرنے والا این آر او مانگ رہا ہے۔ قبل ازاں نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے لاہور ایئرپورٹ روانگی سے پہلے دادا، دادی اور والدہ کی قبروں پر فاتحہ خوانی بھی کی۔ واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے بعد گزشتہ روز مریم نواز کو ان کا پاسپورٹ واپس مل گیا تھا، مریم نواز اپنا پاسپورٹ لینے لاہور ہائیکورٹ پہنچیں جہاں انہوں نے رجسٹرار کے کمرے سے اپنا پاسپورٹ وصول کیا۔حسین نواز نے لندن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم سے آخری ملاقات چار سال پہلے ہوئی تھی، پھر انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ ہم نے خاندانی صدمے الگ الگ سہے۔ بہن سے دکھ سکھ شیئر کریں گے۔ ان کی سنیں گے، کچھ اپنی سنائیں گے، عمران خان کے ہاتھوں بہن کو جیل جاتے دیکھا ہر بھائی کو بہن کی اس صورتحال میں دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔