• news

حکومتی کمیٹی اور کسان اتحاد میں باضابطہ مذاکرات، وعدے پورے کریں گے: رانا ثناء 


اسلام آباد (نامہ نگار) وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر کسانوں کے مطالبات کے حل کے لئے قائم 4رکنی وزارتی کمیٹی اور کسان نمائندوں کے مابین باضابطہ مذاکرات ہوئے، ۔ مذاکرات میں حکومتی ٹیم میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان، وفاقی وزیر بجلی انجینئر خرم دستگیر، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق طارق بشیر چیمہ اور وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر، گلگت بلستان قمرالزمان کائرہ شامل ہیں جبکہ سیکرٹری وزارت بجلی، وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ بھی موجود تھے۔ ۔ کسان اتحاد یونین کے گروپس کی نمائندگی خالد کھوکھر اور عامر وٹو نے کی۔ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ کسان اتحاد یونین کے مذاکرات کامیاب رہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیوب ویلز کے بجلی کے بلوں کی ادائیگی پہلے ہی موخر کی جا چکی ہے۔ حکومت کسانوں کے ساتھ کئے گئے تمام وعدے پورے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف رواں مہینے کسان پیکیج کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکراتی عمل مکمل ہونے کے بعد کسانوں کے تمام مطالبات وزیراعظم کو پیش کریں گے۔ کسان پیکیج میں شعبہ زراعت اور کسانوں کیلئے مراعات کا اعلان کیا جائے گا۔ کسان اتحاد یونین کی جانب سے کہا گیا کہ ملک میں زراعت ایمرجنسی نافذ کی جائے، فوڈ سکیورٹی ملکی سلامتی کی ضامن ہے۔ زراعت کو اولین ترجیح دی جائے۔ مذاکرات میں طے پایا کہ کسانوں کے مطالبات کے حوالے سے بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ای پیپر-دی نیشن