• news

کرونا : ایک جاں بحق ، فرانس میں وائرس کی 8 ویں لہر 

اسلام آباد‘ پیرس (خبرنگار‘ نوائے وقت رپورٹ) نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کی طرف سے جاری ٹویٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں13 ہزار 21 کرونا ٹیسٹ میں سے 57 افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کیے گئے مثبت کرونا ٹیسٹ کی شرح 0.44 فیصد رہی ہے۔ مزید برآں اس دوران کرونا وائرس سے ایک مریض جاں بحق ہوا جبکہ 46 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ دوسری طرف فرانس کے محکمہ صحت کی عہدیدار نے متنبہ کیا ہے کہ سردیوں کا موسم نزدیک آتے ہی فرانس میں کرونا وائرس کی آٹھویں لہر کا آغاز ہو گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق حکومت کے ویکسی نیشن سٹرٹیجک بورڈز کی رکن بریگٹ آئران نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’ہاں ہم کرونا کی آٹھویں لہر میں داخل ہوچکے ہیں۔ تمام عوامل کیسز میں اضافے کی جانب اشارہ کر رہے ہیں۔‘‘  فرانس میں کیسز  کے تازہ اعدادوشمار سے معلوم ہوتا ہے کہ 45 ہزار 361 کیسز کے ساتھ ملک میں 7 روز کی اوسط شرح 2 اگست کے بعد سے بلند ترین سطح کو  پہنچ گئی ہے۔  فرانس کے ہسپتالوں میں کرونا سے متاثرہ مریضوں کی کل تعداد 15 ہزار 166 ہو چکی ہے۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق فرانس میں کرونا سے ہونے والی اموات کی تعداد اس وقت ایک لاکھ 51 ہزار 500 سے زائد ہے۔

ای پیپر-دی نیشن