قدرتی گیس کی پیداوار میں 6فیصد کمی ہوگئی: اوگرا
اسلام آباد (نامہ نگار) اوگرا نے بتایا رواں مالی سال 27فیصد زائد تیل امپورٹ کیا گیا، قدرتی گیس کی پیداوار میں 6فیصد کمی ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سالانہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 21-2020 کے دوران 27.82فیصد زائد تیل درآمد کیا گیا۔ اوگرا کا کہنا ہے کہ قدرتی گیس کی پیداوار میں 6فیصد کمی ہوگئی، قدرتی گیس کی پیداوار کم ہو کر 2ہزار 6ایم ایم سی ایف ڈی رہ گئی۔ اوگرا کے مطابق مقامی ریفائنریز کی پیداوار میں 14.48فیصد اضافہ ہوا، ریفائنریز میں تیل کی پیداوار سال 21-2020 میں 9.3سے بڑھ کر 10.66ملین ٹن رہی۔ مقامی ریفائنریز سے ایل پی جی کی پیداوار میں 25.32فیصد اضافہ ہوا۔ اوگرا رپورٹ میں کہا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مانگ میں 12.95فیصد اضافہ ہوا، پیٹرولیم مصنوعات کی مانگ 17.63سے بڑھ کر 19.92ملین ٹن ہوگئی۔