• news

آئندہ الیکشن میں عمران13  جماعتوں کے مشترکہ امیدوار پر بھاری ثابت ہو گا: عمر سرفراز

لاہور (نیوز رپورٹر) مشیر اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی 13 جماعتیں ایک انتخابی نشان پر بھی الیکشن لڑ کر دیکھ لیں تو انہیں تاریخی شکست ہو گی۔ آئندہ الیکشن میں عمران خان کا امیدوار ان 13 جماعتوں کے مشترکہ امیدوار پر بھاری ثابت ہو گا۔ عمر سرفراز چیمہ نے مزید کہا کہ شہباز شریف کے جھوٹ اور گھٹیا پن کی کوئی حد نہیں۔ شہباز شریف کے زرداری کو گھسیٹنے سے لیکر مہنگائی کے خاتمے تک کے تمام دعوے ایک جیسے تھے۔ قبل ازیں پاکستان تحریکِ انصاف ایجوکیشن ونگ سنٹرل پنجاب کی جانب سے اساتذہ کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ اساتذہ ہی وہ سیڑھی ہیں جو آنے والی نسلوں کو مستقبل کے افق تک دیکھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ یہ اسلام ہی ہے جس نے اساتذہ کو روحانی باپ کا درجہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک باپ انسان کو اس دنیا میں لانے کا وسیلہ بنتا ہے، جبکہ ایک روحانی باپ اذہان کی آبیاری کر کے انسان کو دنیا کو فتح کرنے کے قابل بناتا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن