پنجاب کو پیپرلیس بنانے کیلئے قانون سازی کرنے جا رہے ہیں : مونس الٰہی
لاہور( نیوزرپورٹر)معاون خصوصی انفارمیشن ٹیکنالوجی پنجاب ڈاکٹر ارسلان خالد سے سابق وفاقی وزیر چودھری مونس الٰہی نے ملاقات کی جس میں پنجاب کو پیپرلیس بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے پر سیر حاصل گفتگو ہوئی ۔اس موقع پر حکام نے معاون خصوصی ڈاکٹر ارسلان خالد اور چودھری مونس الہی کو پنجاب ٹیکنالوجی بورڈ کے جدید ترین منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی ۔ چودھری مونس الہی نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے جدید ترین انیشییٹوز کو سراہا ۔ڈاکٹر ارسلان خالد نے کہاکہ چیئرمین عمران خان کے وژن اور وزیراعلی چودھری پرویز الٰہی کی قیادت میں پنجاب کو مکمل طور پر پیپرلیس کررہے ہیں ،پنجاب ڈیجیٹل پالیسی پنجاب میں آئی ٹی کے شعبہ میں انقلاب برپا کرنے جا رہی ہے،پنجاب کابینہ کے امور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر منتقل کررہے ہیں،کیبنٹ میٹنگ سمیت وزیراعلی دفتر کے تمام امور بھی ڈیجیٹیلائز کررہے ہیں ،تحصیل اور اضلاع کی سطح پر آئی ٹی سسٹم لا رہے ہیں،آئی ٹی سسٹم کو فروغ دے کر ہزاروں نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا کررہے ہیں،نوجوان نسل کو آئی ٹی کے شعبہ میں ہنرمند بنا کر اپنے ہاں پر کھڑا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ہنر 2.0 پروگرام جدت کا شاہکار منصوبہ ہزاروں نوجوان مستفید ہوں گے ۔آئی ٹی انڈسٹری میں فارغ التحصیل طلبہ کو کھپانے کیلئے انڈسٹری کیساتھ جامع منصوبہ مرتب کیا ہے،پنجاب کی تمام سروسز کو آن لائن کررہے ہیں ،اہل پنجاب ایک کلک پر پنجاب کی تمام سروسز سے مستفید ہوسکیں گے۔مقامی اور غیر ملکی ملازمتوں سے آگاہی کیلئے خصوصی ایپ لا رہے ہیں،ڈیٹا گورننس اور ڈیٹا شیئرنگ پر قانون سازی کررہے ہیں۔ سبزیوں منڈیوں کو آئی ٹی منڈیوں پر منتقل کررہے ہیں ۔سبزیوں منڈیوں میں تمام ڈیٹا محفوظ بنایا جائے گا،سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام اور ذخیرہ اندوزی کا خاتمہ ہوگا،ڈیلی میڈیسن کا منصوبہ صحت کے شعبہ میں انقلاب برپا کرے گا۔ چودھری مونس الہی نے کہا کہ پنجاب کو پیپرلیس بنانے کیلئے قانون سازی کرنے جا رہے ہیں،عمران خان کے وژن کے مطابق آئی ٹی شعبہ ہماری اولین ترجیح ہے،پنجاب حکومت شعبہ آئی ٹی کی ترقی کیلئے تمام سہولیات مہیا کرے گی۔ملاقات میں پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی پنجاب محمد خان بھٹی،ڈی جی ای گورننس ساجد لطیف ،ڈی جی آئی ٹی آپریشنزفیصل یوسف اورڈی جی آئی ٹی سلیوشنز وقار نعیم اور دیگر حکام موجود تھے۔