• news

کراچی میں پانی کی کمی ‘کے فور اہم منصوبہ‘ مارچ 2024ء میں مکمل ہو گا: خورشید شاہ

کراچی ( نیوزرپورٹر) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید شاہ نے گزشتہ روز گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی سکیم (کے فور) پراجیکٹ آفس کا دورہ کیا اور منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل نے کہا کہ کراچی شہر میں پانی کی کمی دور کرنے کے لئے کے فور ایک اہم منصوبہ ہے اور وفاقی حکومت کی کوشش ہے کہ اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ پراجیکٹ انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کے فور منصوبے کی شیڈول کے مطابق تکمیل کے لئے وزارت آبی وسائل واپڈا کو بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔ وفاقی وزیر کو بتایا کہ آٹھ مختلف کنٹریکٹ کے ذریعے منصوبے پر کام کیا جا رہا ہے۔ کے فور منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل مارچ 2024ء میں شیڈول ہے۔ کے فور منصوبہ کراچی کو کینجھر جھیل سے یومیہ 650 ملین گیلن پانی کی فراہمی کے لئے تشکیل دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے پہلے مرحلے کی تعمیر کی ذمہ داری وفاقی حکومت نے واپڈا کے سپرد کی ہے۔ کے فور منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل سے کراچی کو 260 ملین گیلن یومیہ پانی مہیا کیا جا سکے گا۔

ای پیپر-دی نیشن