• news

پی ڈی ایم ، پی ٹی آئی حکومتیں این آر او سے بنیں ، عالمی ایجنڈا آگے بڑھایا : سراج الحق 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی حکومتیں این آر او کے ذریعے قائم ہوئیں، دونوں اطراف نے عالمی ایجنڈے کو آگے بڑھایا۔ معیشت کی تباہی کے بعد حکمران معاشرے کو مغرب زدہ بنانے کی سازشوں میں آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ تینوں بڑی جماعتوں کی نااہلی اور ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ملک کی نسلیں غیر ملکی سودی قرضوں کی دلدل میں پھنس گئیں۔ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، بے روزگاری سے لاکھوں نوجوان حالات سے تنگ مایوس اور ڈپریشن کا شکار اور ہزاروں ملک چھوڑ رہے ہیں۔ عوام کا عدالتوں پر اعتماد اٹھ چکا۔ طاقتور کے احتساب اور آئین و قانون کی بالادستی سے ہی ملک آگے بڑھے گا۔ ایک موقع اسلامی نظام کو ملنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی نظم کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور پٹرول کی قیمتوں میں سو روپے فی لیٹر کمی کرے۔ بجلی اور گیس کے ٹیرف بھی کم کیے جائیں، اشیائے خوردونوش اور ادویات کی قیمتوں میں بھی 35سے 50فیصد کمی کی جائے۔ ڈالر کی قیمت میں کمی کے اثرات گراؤنڈ پر نظر نہیں آ رہے۔ قومی معیشت کی تباہی کے بعد گھریلو تشدد بل، ٹرانس جینڈر ایکٹ کی صورت میں معاشرے کو تباہ کرنے کی سازشیں ہوئیں اور اب آئین کے آرٹیکل 62ون ایف میں ترمیم کی باتیں ہو رہی ہیں اور اس ضمن میں سینٹ میں بل پیش کر دیا گیا ہے۔ جماعت اسلامی ملک کی اسلامی اقدار کی حفاظت کے لیے بھرپور جدوجہد کرے گی، قوم سے اپیل ہے ہمارا ساتھ دے۔

ای پیپر-دی نیشن