جدید شہری اور میڈیا
مکرمی! موجودہ دور میں موبائل فون اور انٹرنیٹ تقریباً دنیا میں اکثریت کی دسترس میں ہے۔ سوشل میڈیا بھی ایک معاشرے کی مانند ہے جیسے آپ معاشرے میں کچھ اصول و ضوابط کے مطابق زندگی گزارتے ہیں۔ ایسے ہی آپ کو سوشل میڈیا پر بھی زندگی گزارنی چاہئے۔ آپ کی آن لائن سرگرمیاں کسی کیلئے مددگار بھی ثابت ہو سکتی ہیں اور کسی کیلئے کوفت کا باعث بھی بن سکتی ہیں۔ اس لئے جدید شہری ہونے کے ناتے کوئی بھی چیز میڈیا پر شریک کرنے سے قبل اس کی تصدیق کر لینی چاہئے تاکہ وہ لوگوں کیلئے رنج اور آپ کیلئے پچھتاوے کا باعث نہ بنے۔ عدم آگاہی کی وجہ سے لوگ سوشل میڈیا پر بہت سارے غلط کاموں میں ملوث ہیں۔ کچھ لوگوں نے تو دوسروں سے آن لائن خفیہ طریقوں سے لوگوں سے رقم بٹورنے کا بازار بھی گرم کیا ہوا ہے۔ کچھ لوگوں نے آن لائن فحاشی کے اڈے بنائے ہوئے ہیں۔ کچھ لوگوں نے دوسروں کی بدنامی کیلئے جھوٹ کا ٹھیکہ لے رکھا ہے۔ یہ سب اس لئے کیونکہ وہ لوگ سمجھتے ہیں ہمیں کوئی جانتا نہیں یا ہم حقیقی زندگی میں تو بہت معزز ہیں۔ اب تو سوشل میڈیا پر جھوٹ پھیلانے اور لوگوں کو تنگ کرنے کیلئے سائبر کرائم قوانین بھی موجود ہیں جس کی وجہ سے آپ کو جرمانہ اور جیل کی ہوا بھی لگ سکتی ہے۔ اس لئے حتیٰ الامکان سوشل میڈیا گلوبل معاشرتی کارنر کے صحیح استعمال کو یقینی بنائیں۔(رستم علی۔ گورنمنٹ ایم اے او کالج لاہور)