بیلجئم کے سفیر کی ملاقات‘ تجارتی سرگرمیوں کا فروغ مضبوط معیشت کیلئے اہم ہے‘ گورنر
لاہور (نیور رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے لاہور میں بیلجیئم کے سفیر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیلاب متاثرین کی امداد اور دو طرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے سیلاب متاثرین کیلئے بروقت خیموں کی فراہمی پر بیلجیئم کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ بیلجیئم نے اقوام متحدہ کے ذریعے بھی سیلاب متاثرین کیلئے امداد بھیجی ہے جس کیلئے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ تجارت و کاروباری سرگرمیوں کا فروغ ملک کی معیشت کی مضبوطی کیلئے بہت اہم ہے۔ جی ایس پی پلس سٹیٹس کی وجہ سے پاکستان اور بیلجئم کے درمیان تجارت میں اضافہ ہوا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کے لئے تجارتی وفود کا تبادلہ ناگزیر ہے۔ پاکستان یورپین یونین کا اہم تجارتی شراکت دار ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بیلجیئم کے سفیر نے کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو مزید فروغ دیا جائیگا۔