مریم لندن پہنچ گئیں‘ 3 سال بعد والد سے ملاقات
لندن (عارف چودھری) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز لندن پہنچ گئی ہیں جہاں ان کی والد اور بھائیوں کے ساتھ 3 سال بعد ملاقات ہوئی ہے۔ نواز شریف نے بیٹی مریم نواز کو گلے لگا لیا، تین سال بعد والد کے گلے لگ کر مریم نواز کے آنسو نکل آئے۔ مریم نواز کے ہمراہ ان کے صاحبزادے جنید صفدر اور بہو عائشہ بھی ہیں۔ مریم نواز پاکستان کے وقت تقریباً ساڑھے 11 بجے ایون فیلڈ پہنچیں۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے ایون فیلڈ پر مریم نواز کا شاندار استقبال کیا اور نعرے لگائے اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ شریف فیملی کے افراد مریم نواز کو ائر پورٹ سے لیکر آئے۔ مریم نواز کی اپنے بھائی حسن نواز سے ائر پورٹ پر ملاقات بھی ہوئی جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ تصویر میں بہن بھائی کو گلے لگے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ مریم نواز نے اپنے استقبال کیلئے آنے والے لیگی کارکنوں کا شکریہ ادا کیا۔ یاد رہے کہ مریم نواز اپنی بیمار والدہ کو چھوڑ کر 4 برس قبل نوازشریف کے ہمراہ پاکستان گئیں تھیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز تقریباً ایک ماہ لندن میں قیام کریں گی جس کے بعد ان کا اپنے والد نوازشریف کے ہمراہ وطن واپس آنے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے بعد منگل کو مریم نواز کو ان کا پاسپورٹ واپس مل گیا تھا۔