• news

اوپن مارکیٹ: ڈالر 3.50‘ سونا 3400 روپے تولہ سستا‘ سٹاک مارکیٹ تیز


کراچی (کامرس رپورٹر ) انٹر بنک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر 2روپے سستا ہو گیا جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 3.50روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔ فاریکس ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کے روز مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ مزید تگڑا ہو گیا۔ انٹر بنک میں ڈالر کی قیمت 223.94 روپے سے گھٹ کر 221.94روپے ہو گئی۔ اسی طرح اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 227روپے سے کم ہو کر 223.50روپے پر آ گئی۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک محمد بوستان نے بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی جانب سے تقریباً 2 ارب 30 سے 50 کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان اور درآمدات میں مسلسل کمی کے امکانات نے کرنسی مارکیٹ میں روپے کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ پاکستان کو سیلاب کے باعث مدد کے لیے دنیا بھر سے فنڈز ملنا شروع ہوگئے ہیں۔  عالمی مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کی فی اونس قیمت3 ڈالرز اضافہ سے  1712ڈالرز فی اونس کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں اضافہ کے باوجود مقامی سطح پر سونے کی فی تولہ قیمت 3400روپے کمی سے1لاکھ 44ہزار 900روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 2915روپے کمی سے1لاکھ 24ہزار 228 روپے رہی۔ پاکستان سٹاک ایکس چینج میں رواں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو کاروبار حصص میں زبردست تیزی کا رحجان رہا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس میں 549 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جبکہ مارکیٹ میں تیزی کے باعث سرمایہ میں 61 ارب 39 کروڑ روپے سے زائد بڑھ گئے، تاہم کاروباری حجم 19 کروڑ حصص گھٹ گیا۔

ای پیپر-دی نیشن