• news

ڈنڈااٹھا یا نہیں ڈالر ریت ٹھیک ہو گیا ، برآمد ی شعبے کیلئے بجلی 20روپے یو نٹ ہو گی : اسحاق ڈار 


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ابھی ڈنڈا چلایا ہی نہیں اور ڈالر کے ریٹ مارکیٹ میں خود ٹھیک ہو گئے۔ امریکی کرنسی کی صحیح قیمت 200 روپے سے کم ہے۔ آل پاکستان ٹیسٹائل ملز ایسوسی ایشن سے کامیاب مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ برآمدی شعبے کے لیے بجلی کے نرخ 19.99  روپے فی یونٹ ہوں گے۔ اس پر 90 سے 100 ارب روپے لاگت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایکسپورٹس بڑھانے کی ضرورت ہے، روپے کو مارکیٹ بیس ہم نے کیا تھا، مگر اسکا مطلب یہ نہیںکہ اپنی کرنسی کو کھلا چھوڑ دیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ ڈالر کی قیمت کم ہونے سے پاکستان کے بیرونی قرض میں 26 سو ارب روپے کمی آئی ہے۔ کرنسی ریٹ میں ہیر پھیر کرنے والے نجی بینکوں کے خلاف تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کارروائی کی جائے گی۔ ٹیکسٹائل برآمد کنندگان نے برآمدات 12.7 فیصد بڑھائیں۔ ڈالر نیچے روپیہ اوپر جانے سے قوم کو فائدہ ہو گا۔ شوکت ترین کے بارے میں کچھ نہیں کہنا چاہتا۔ ان کی حکمت عملی ذمہ دارانہ تھی۔ پی ٹی آئی والے دھرنا دیں گے تو آئین و قانون اپنا راستہ لے گا۔ پاکستان نے 4 سال برا وقت دیکھا۔ حکومت 6 ماہ مشکل میں تھی۔ اس سوال پر کہ کیا آئی ایم ایف کو بجلی کی اس قیمت پر اعتماد میں لیا؟۔ اسحاق ڈار نے جواب دیا کہ مجھے آئی ایم ایف کو اعتماد میں لینے کی ضرورت نہیں۔ مجھے معلوم ہے کیا کر رہا ہوں، میرے پاس جواز موجود ہے۔ جب آئی ایم ایف والے آئیں گے تو بات کر لیں گے۔ 72کروڑ روپے تنخواہ لینے کی غلط خبر پھیلائی گئی۔  یہ ’عمرانڈوز‘ آرمی کا کام ہے جو الزام لگاتے ہیں، میری سیلری تو پہلے  بھی کسی فلاحی  ادارے کو جاتی  تھی، پیر کو ٹیم کے ہمراہ  آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کے لئے جائیں گے، گزشتہ حکومت نے ایکسپورٹ پر توجہ نہیں دی، کرنسی کو اس طرح کھلا چھوڑا گیا، جہاز میں بیٹھا تو روپے کی قدر میں بہتری ہونے لگی جس پر مارکیٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اسحاق ڈار نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تو کل پٹرول کی قیمتوں کو کم کیا، یار خدا کا خوف کرو۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میں تمام سیاسی جماعتوں کو ایک بار پھر کہتا ہوں کہ میثاق معیشت پہ کام کریں اور ملک کی ترقی کے لیے مل کر سب ایک ہوجائیں۔ آئی ایم ایف کو ہم نے الوداع کہہ دیا تھا لیکن پھر آئی ایم ایف کے پاس گئے۔ انہوں نے کہا کہ آج ایکسپورٹرز سے وعدہ لیا ہے کہ جو بھی سوچیں روپے میں سوچیں، ان کے ساتھ اب روپے میں ریٹ طے ہوا۔ دریں اثنا وزیر خزانہ سے وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے ملاقات کی جس میں سعودی ترقیاتی فنڈ کی طرف سے چلنے والے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن