ڈینگی لاروا کے خاتمے کیلئے تمام محکمے ملکر کام کریں: فیاض احمد
قصور (نمائندہ نوائے وقت) ڈپٹی کمشنر قصور فیاض احمد موہل نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ ڈینگی لاروا کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے‘تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی اپنی تحصیلوں میں ڈینگی سرویلنس سرگرمیوں کی نگرانی کو یقینی بنائیں‘ڈینگی لاروا کے خاتمے کیلئے تمام محکمے ملکر مربوط انداز میں کام کریں۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ڈینگی تدارک اور اسکی روک تھام کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ماہم آصف ملک، اسسٹنٹ کمشنر قصور سجاد محمود بابر، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اظہر عباس نقوی، سی ای او ایجو کیشن عبدالحفیظ، ڈسٹرکٹ اینٹا مالوجسٹ محمد خرم ابراہیم، ڈی او زکوٰۃ و عشر اشفاق احمد خاں اور متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ ہیلتھ کے افسران نے تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ڈینگی مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔