• news

لاہور چیمبر ،عمر گروپ آف ہاسپٹلز اینڈ کارڈک سنٹر کے مفاہمتی یادداشت پر دستخط 

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے عمر گروپ آف ہاسپٹلز اینڈ کارڈک سنٹر کیساتھ ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت لاہور چیمبر کے ممبران کو بہترین ہیلتھ کیئر خدمات خصوصی رعایت کے تحت حاصل ہونگی۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر ہسپتال ڈاکٹر عمر عزیز رانا نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جس کے مطابق عمر گروپ آف ہاسپٹلز اینڈ کارڈک سنٹر لاہور چیمبر آف کامرس کے ممبران کواپنی خدمات پر دس فیصد جبکہ لاہور چیمبر کے سٹاف ممبران کو بیس فیصد خصوصی رعایت دے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت کے دور رس نتائج برآمد ہونگے اور لاہور چیمبر آف کامرس کے ممبران کو بہترین ہیلتھ کیئر کی سہولت میسر آئے گی۔
 انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر نہ صرف صنعت و تجارت کی ترقی و خوشحالی کے لیے سرگرم عمل ہے بلکہ سماجی شعبہ میں بھی پوری طرح متحرک ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے کہا کہ لاہور چیمبر اپنے ممبران کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھاتا رہے گا۔ ڈاکٹر عمر عزیز رانا نے کہا کہ ان کا مقصدبہترین طبی سہولیات کو ہر ایک کی پہنچ میں لانا ہے، عمر گروپ آف ہاسپیٹلز سٹیٹ آف دی آرٹ مشینری اور تجربہ کار طبی ماہرین کے زیر اہتمام علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ لاہور چیمبر ملک کا سب سے اہم چیمبر ہے ، امید ہے کہ دونوں اداروں کے مابین مفاہمتی یادداشت بہترین نتائج کی حامل ہوگی، انہوں نے لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر چودھری ظفر محمود اور نائب صدر عدنان خالد بٹ نے دونوں اداروں کے مابین مفاہمتی یادداشت کا خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ لاہور چیمبر کے ممبران کو سہولیات کی فراہمی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن