مرکزی انجمن تاجران رائیونڈ کے وفد کا راجن پور سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ
رائیونڈ (نمائندہ نوائے وقت )مرکزی انجمن تاجران رائے ونڈ کے وفد نے راجن پور سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا،تاجروں کے وفد نے متاثرین سیلاب کے ساتھ کافی وقت اکھٹے گزارا،انکے مسائل سنے،اس موقع پر تاجر رہنما ؤں،میاں افضل اوپل،حاجی نصیر احمد جاوا،میاں مبشر حسین،بابر مونگا ودیگر نے کہا کہ ہم سیلاب زدگان کو مشکل کی گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑیں گے انکی ہر ممکن مدد کرینگے،رائے ونڈ کی تاجر برادری کی طرف سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان سیلاب متاثرین میں تقسیم کیا گیا بعدازاں سیلاب متاثرین کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے رائے ونڈ تاجر برادری کی طر ف سے جدید آر او واٹر پلانٹ اور 40ہینڈ پمپ لگانے کا اعلان کیا گیا،تاجر برادری کی طرف سے سیلاب متاثرین میں 1000مچھردانی،ملبوسات،پکا پکایا کھانا اور دیگر ضروری سامان بھی تقسیم کیا گیا۔رائے ونڈ کی تاجربرادری کی طرف سے قبل ازیں ملک زبیر کی سربراہی میں 120خیموں پر بستی پہلے ہی آباد کی جاچکی ہے جہاں دن رات سیلاب متاثرین کو کھانے کے علاوہ علاج معالجہ سمیت دیگر سہولیات کئی ہفتوں سے فراہم کی جارہی ہیں ایک محتاط اندازے کے مطابق رائے ونڈ تاجر برادری اور شہریوں کی جانب سے 10کروڑ روپے سے زائد امدادی سامان سیلاب متاثرین میں تقسیم کیا جاچکا ہے۔