ہائیکورٹ : ن لیگی ارکان پنجاب اسمبلی کیخلاف اندراج مقدمہ کیلئے پولیس سے جواب طلب
لاہور(سپیشل رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے سپیکر پنجاب اسمبلی کے الیکشن کے دوران مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی کیخلاف اندراج مقدمہ کے معاملے پر سی سی پی او لاہور اور ایس پی سول لائن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ‘ جسٹس طارق ندیم نے رانا مشہود احمد خان اور رخسانہ کوثر کی درخواست پر سماعت کی ۔
درخواست گزاروں کی جانب سے رانا اسداللہ خان ایڈوکیٹ پیش ہوئے ۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیاکہ سپیکر پنجاب اسمبلی کے الیکشن کے دوران ہنگامہ آرائی پر 20 جولائی 2023 کو چھ مختلف ایف آئی آرز درج کی گئیں۔درخواست گزار سمیت دیگرز نے سیشن کورٹ سے عبوری ضمانت کروارکھی ہے۔ ایم پی اے نوابزادہ وسیم خان کے بیلٹ پیپر پر نشان لگا کر الیکشن قانون کی خلاف ورزی کی گئی بیلٹ پیپر پر مخصوص نشان لگانے کیخلاف آواز اٹھانے پر درخواست گزار اور دیگرز کیخلاف مقدمات بنادئیے گئے۔21 اگست 2022 کو 21 دن کی تاخیر سے تھانہ قلعہ گوجر سنگھ میں درخواست گزار سمیت دیگرز کیخلاف مقدمہ درج کروادیا گیا۔مقدمہ سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے۔ تعزیزات پاکستان کی دفعات کا اطلاق اس کیس میں نہیں ہوتا ہے۔ عدالت 21 اگست 2022 کو درج کیا گیا مقدمہ نمبر 1822 خارج اور پولیس کو درخواست گزاروں کو غیر قانونی حراساں نہ کرنے کا حکم دے۔