• news

پی ٹی آئی کے با نی  رہنما سینیٹر سیفاا للہ ، حا مد زمان گرفتار، طارق شفیع کے گھر چھا پہ 


اسلام آباد، لاہور، کراچی (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی کے بانی رہنماؤں سینیٹر سیف اللہ نیازی اور حامد زمان کو ممنوعہ فنڈنگ کیس میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دوسری طرف کراچی میں تحریک انصاف کے رہنما طارق شفیع کے گھر پر چھاپہ مار کر تلاشی لی گئی تاہم وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔ تفصیل کے مطابق  سینیٹر سیف اللہ خان نیازی کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے اپنی پریس کانفرنس میں سینیٹر سیف اللہ خان نیازی کو تحویل میں لینے کی تصدیق کردی۔ انہوں نے کہا کہ سیف اللہ خان نیازی فارن فنڈنگ کیس کی تفتیش میں پیش نہیں ہو رہے تھے۔ پی ٹی آئی نے الزام لگایا کہ سینیٹر سیف اللہ نیازی کو پارلیمنٹ ہاؤس سے اٹھایا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سینٹ کے احاطے سے سینیٹر کو اٹھا لیا گیا، ملک میں اتنی بڑی فسطائیت کبھی نازل نہیں ہوئی، اس سے زیادہ توہین پارلیمنٹ کی ہو نہیں سکتی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ چیئرمین سینٹ کم از کم غیرت کا مظاہرہ کریں اور اس عمل کا نوٹس لیں۔ جبکہ تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ  اب لازم ہوگیا ہے کہ اس امپورٹڈ حکومت کے خاتمہ جلد از جلد کیا جائے۔ حامد زمان کو لاہور سے ان کے دفتر سے گرفتار کیا گیا۔ حامد زمان  نے بتایا  ایف آئی اے نے انہیں بغیر وارنٹ گرفتاری دکھائے گرفتار کیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق عارف  نقوی نے ابراج گروپ کے ذریعے 9 بلین ڈالرز کی منی لانڈرنگ کی۔ دبئی کے حکومتی  اداروں نے ابراج گروپ کی غیر قانونی سرگرمیوں پر 314 ملین ڈالر سے زائد جرمانہ کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما طارق شفیع  بھی عارف نقوی کے شریک ملزم ہیں۔ طارق شفیع نے عاشق حسین قریشی، حامد زمان، مبشر احمد کے ساتھ مل کر ایک بوگس ٹرسٹ بنایا۔ بوگس انصاف ٹرسٹ کے بنک اکاؤنٹ میں 625000 امریکی ڈالرز غیر ملکی ترسیلات کی مد میں موصول ہوئے، یہ رقم عارف نقوی کے الیکشن کمشن کو دیئے گئے بیان حلفی میں ظاہر کردہ 2.1 ملین ڈالر سے اضافی  ہے۔ حامد زمان انصاف ٹرسٹ کے سیکرٹری جنرل کے طور پر کام کرتے رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کیلئے بیرون ملک سے غیر قانونی طور پر رقوم پاکستان منتقل کرنے کے مقدمے میں نامزد پی ٹی آئی عہدے دار طارق شفیع کی گرفتاری کیلئے کوششیں کرنے والی ایف آئی اے کی ٹیم نے جمعہ کی صبح سرچ وارنٹ کے ساتھ ان کے گھر کی تلاشی لی۔  ایف آئی اے کی ٹیم کی جانب سے عدالت سے سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد گھر کی تلاشی لی گئی تاہم طارق شفیع گھر میں موجود نہیں تھے۔ ایف آئی اے کے مطابق امن فاؤنڈیشن کے نام سے بیرون ملک سے ملنے والی لگ بھگ 9 ارب روپے کی امدادی رقم ملزموں نے مبینہ طور پر ذاتی اکاؤنٹ میں منتقل کرکے خورد برد کی یا خیراتی مقصد کیلئے حاصل کی گئی رقم دیکر  مقاصد کیلئے استعمال کی۔ 

ای پیپر-دی نیشن