• news

ہفتہ وار مہنگا ئی میں 0.29فیصد اضا فہ، پیاز ، ٹما ٹر خشک سوسھ، سمیت 17اشیا مہنگی ، 14سستی 


   اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)  ملک میں حالیہ ہفتے 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ مہنگائی کی شرح میں 0.29 فیصد اضافہ ہوا اور سالانہ بنیادوں پر حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح 29.44فیصد رہی۔ اس حوالے سے وفاقی ادارہ شماریات نے ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور 14 اشیاء کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ 20 اشیاء  کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے پیاز کی قیمتوں میں 10.22فیصد، ٹماٹر کی قیمتوں میں 27.40 فیصد، خشک دودھ کی قیمتوں میں 1.18 فیصد اضافہ ہوا ہے۔آلو کی قیمتوں میں4.87فیصد، ایل پی جی کی قیمتوں میں 4.49فیصد، دال چنا کی قیمتوں میں 3.06 فیصد، دال مسور کی قیمتوں میں 5.16فیصد، ککنگ آئل کی قیمتوں میں 0.22 فیصد، لہسن کی قیمتوں میں 0.73 فیصد اور دال مونگ کی قیمتوں میں 0.98 فیصد، دال ماش کی قیمتوں میں 1.67 فیصد، سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں 0.45 فیصد اور آٹے کی قیمتوں میں 0.36 فیصد کمی ہوئی ہے۔ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 24.58فیصد، 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 24.03فیصد اور 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 28.13فیصد رہی۔ ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 48 روپے 45 پیسے اضافہ ہوا۔ حالیہ ہفتے پیازکی فی کلو قیمت 12 روپے 69 پیسے بڑھی۔ تین سو 90 گرام دودھ کی قیمت میں 6 روپے 82 پیسے اضافہ ہوا۔ کیلے کی قیمت 2 روپے فی درجن بڑھی۔ عام چائے کے ایک کپ کی قیمت بڑھ کر 40 روپے 36 پیسے ہو گئی۔ مٹن 2 روپے 54 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔ چاول، دودھ، دہی، چینی، صابن، انڈے، بریڈ مہنگی ہوئی۔ حالیہ ہفتے 14 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 20 میں استحکام رہا۔ ایل پی جی گھریلو سلنڈر 124 روپے 85 پیسے سستا ہوا۔ ملک میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 5 روپے 64 پیسے کم ہوئی۔ حالیہ ہفتے اڑھائی کلو گھی کا ڈبہ ایک روپیہ سستا ہوا۔ دال مسور کی فی کلو قیمت میں 16 روپے 23 پیسے  کمی ریکارڈ کی گئی۔  دال ماش میں 6 روپے 45 پیسے، دال مونگ 2 روپے 23 پیسے کمی ریکارڈ کی گئی۔ دال چنا 8 روپے فی کلو سستی ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن