• news

مصنو عی مہنگا ئی کیخلاف کا رروا ئی کا حکم ، عوام کو ما فیا کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے : پرویز الہی 


لاہور (نیوز رپورٹر)  وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو لندن سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی عام آدمی کا مسئلہ ہے، پرائس کنٹرول کے موثر نظام کے ذریعے غریب آدمی کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔  عوام کو کسی صورت مہنگائی مافیا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔ سیاسی و انتظامی ٹیم صوبے کے عوام کو مصنوعی مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے متحرک کردار ادا کرے۔ عام آدمی کی مشکلات کا پورا احساس ہے، عوامی نمائندے اپنے علاقوں میں اشیاء  ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیں۔ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کی کارکردگی کو پرائس کنٹرول کے موثر اقدامات سے جانچا جائے گا۔ ہر ضلع کی سرگرمیوں کی رپورٹ مرتب ہو گی اور اچھا کام کرنے والے کی تحسین کی جائے گی۔  پرائس کنٹرول کے حوالے سے تساہل کی کوئی گنجائش نہیں۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے پرائس کنٹرول کے اقدامات میں کوتاہی کرنے والوں کو جوابدہ ہونا ہوگا۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ نے قدرتی آفات سے آگاہی اور بچاؤ کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 8 اکتوبر 2005ء کا زلزلہ تاریخ کا ہولناک زلزلہ تھا، جس کی تباہی ذہنوں پر اب بھی نقش ہے۔ زلزلے کے بعد متاثرین کی بحالی اور آبادکاری کیلئے قوم یکجان ہوئی اور زلزلے سے متاثرہ بھائیوں کی بھرپور مدد کی اور ایثار و قربانی کی مثال قائم کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کو جدید تربیت اور ٹیکنالوجی سے لیس کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن