نئی آڈیو نے عمران کی منا فقت بے نقاب کر دی : شہباز شریف
اسلام آباد+ (اے پی پی+ خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+عارف چودھری) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تازہ ترین آڈیو لیک نے عمران نیازی کی منافقت کو بے نقاب کر دیا ہے۔ ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ جو قوم کو اخلاقیات کا درس دیتے نہیں تھکتا وہ خود کھلم کھلا غیر اخلاقی ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ہے، اس کی مکارانہ فطرت آئے روز بے نقاب ہو رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نیازی کے ریاست مخالف اقدامات نے اعلیٰ عہدے کے لئے اسے نااہل بنا دیا ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے ان کی معاون خصوصی شیزہ فاطمہ خواجہ اور رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے ملاقات کی۔ قدرتی آفات سے آگاہی کے دن پر اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تباہی کا شکار ہے تاہم حکومت اپنے تمام تر وسائل متاثرین کی بحالی پر خرچ کر رہی ہے۔ 8 اکتوبر کو آزاد جموں و کشمیر اور پاکستان کے عوام، جنہیں قدرتی آفات کی وجہ سے جانی اور مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا، کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے’’نیشنل ریزیلنس ڈے‘‘ کے طور پر منایا جاتا ہے، یہ دن ایک یاد دہانی ہے کہ ہم ایک ایسے خطے میں رہتے ہیں جسے قدرتی آفات کے حوالے سے خطرات کا سامنا ہے، موسمیاتی رسک انڈیکس میں پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کے خطرات سے دوچار7 واں ملک ہے۔ جن کے لیے پاکستانی قوم اور حکومت کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی برادری کی جانب سے خاطر خواہ اور مستقل مدد کی ضرورت ہوگی۔ پاکستان جن بدترین موسمیاتی اثرات کا شکار ہے وہ اس کی اپنی تخلیق نہیں ہے بلکہ گلوبل گرین ہائوس گیسوں کے اخراج سے پیدا ہونے والی موسمیاتی تبدیلی کا نتیجہ ہے جس میں پاکستان کا حصہ 1فیصد سے بھی کم ہے۔ لہذا عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ سیلاب سے متاثرہ لاکھوں لوگوں کی بحالی اور تعمیر نو میں پاکستان کی مدد کرے۔ پاکستانی عوام نے بلند حوصلے کے ساتھ قدرتی آفات کا سامناکیا ہے۔ شہباز شریف نے تھائی لینڈ میں 23 کم سن بچوں سمیت تین درجن سے زائد افراد کے قتل کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے زیادہ بھیانک فعل نہیں ہو سکتا۔ دوسری مریم نواز نے عمران کی آڈیو لیکس پر کہا ہے کہ میں عمران کو فتنہ ایسے ہی نہیں کہتی، اس کی ہر چیز اٹھائیں اس میں سے سازش نکلتی ہے، اس کا اصل نام سازش خان ہونا چاہئے، وہ لوگوں کو کہتا رہا کہ ہارس ٹریڈنگ کرنے والے برے ہیں، وہ لوگوں پر ہارس ٹریڈنگ کے جھوٹے الزام لگاتا رہا، بند کمروں میں وہ ارکان کی خرید وفروخت کی منڈیاں لگاتا رہا، وہ لوگوں کو کہتا تھا جو ہارس ٹریڈنگ کرتا ہے وہ مشرک ہے، اگر یہ شرک ہے تو سب سے بڑے مشرک اس لحاظ سے خان صاحب خود ہوئے۔ تحریک انصاف سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو رہے، عمران کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، آڈیو لیکس نے عمران خان کو بے نقاب کر دیا ہے۔ سازش تو یہ ہمیشہ سے کر رہا ہے گزشتہ روز پکڑا گیا۔ کس کو پتا نہیں ہے کہ 2019ء کے دھرنے کے پیچھے کون تھا۔ کس طرح 2018ء میں نواز شریف کے جیتنے والے ممبرز کو باہر کیا گیا۔ بلوچستان میں حکومت بدلی گئی۔ کیا یہ ہارس ٹریڈنگ کے بغیر ہوا؟۔ سینٹ چیئرمین کے الیکشن میں یہ سازش کرکے جیت گیا۔ پوری دنیا نے دیکھا کہ کس طرح مائیک، کیمرے لگائے گئے۔ جلسوں میں کہتا ہے لوٹوں کو ووٹ نہ دینا۔ آڈیو میں خود کہہ رہا ہے 5 بندے خرید لئے، 5 اور خرید کر لاؤ۔ پتا نہیں وہ کس کو کہہ رہا ہے کوئی نئی آنکھیں، کان ہیں۔ کہتا ہے اس کیلئے جو بھی کرنا ہے کرو۔ ارکان کی خرید وفروخت کے الزامات کا یہ ایک بھی ثبوت نہیں دے سکا۔ عمران خان کی حمایت کرنے والوں سے ہمدردی ہے۔ اس کی سزا یہ ہے کہ اس کا گھناؤنا چہرہ لوگوں کے سامنے آ گیا۔ میر صادق اور میر جعفر برانڈ کرنے کا کہتے ہوئے بھی کردار کا نام لینے کی ہمت نہیں تھی۔ وہ چانس دے رہا تھا کہ ہم سے ڈیل کر لی جائے، مجھے اقتدار میں لایا جائے۔ جرم ثابت ہو گیا کہ یہ بیرونی طاقتوں سے پیسے لیکر آیا۔ اسے میں فارن فنڈڈ فتنہ کہتی ہوں۔ لوگوں کو آزادی کا بھاشن دینے والا بیرونی طاقتوں کا غلام نکلا۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ فارن فنڈڈ کو لانچ ہی اس ملک میں انتشار اور تباہی لانے کیلئے کیا گیا۔ اس شخص کے ساتھ بیٹھنا نہیں بلکہ اسے عبرت کا نشان بنانا ہے۔ اسے 22 کروڑ عوام سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اسے قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کے مقبول ہونے کے دعوے زمین بوس ہو گئے۔