شاہین شاہ آفریدی فٹ‘ ٹی20 ورلڈ کپ کیلئے تیار ہیں: رمیز راجہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈ کپ ٹی ٹونٹی کیلئے تیار ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی گھٹنے کی انجری سے صحت یاب ہونے کیلئے فی الحال لندن میں موجود ہیں۔ دو روز قبل شاہین شاہ آفریدی سے بات ہوئی ہے جس پر معلوم ہوا کہ فاسٹ بائولر اب بہت بہتر ہے جبکہ ڈاکٹرز نے ویڈیوز بھی بھیجی ہیں، تقریباً 90 فیصد انجری ٹھیک ہوچکی ہے۔گھٹنے کی انجری بہت حساس ہوتی ہے اس لیے میری رائے یہی تھی کہ جب تک شاہین آفریدی 110 فیصد ٹھیک نہیں ہوجاتا تب تک خطرہ مول نہ لیا جائے لیکن فاسٹ بائولر سے بات چیت کرکے اندازہ ہوا کہ وہ پہلے ہی 110 فیصد ٹھیک ہوگیا ہے۔ شاہین نے مجھے بتایا کہ وہ پریکٹس میچ کھیلنے آسٹریلیا جائیگا اور بھارت کیخلاف میچ کیلئے تیار رہے گا۔