• news

رضوان کی نصف سینچری پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے دی

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان نے نیوزی لینڈ میں کھیلی جا رہی سہ فریقی ٹی 20 سیریز کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش کو 21 رنز سے شکست دیدی۔بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں پر 167 رنز بنائے، محمد رضوان نے78 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے، اوپنرز نے 52 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ پہلی وکٹ آٹھویں اوور میں گری جب کپتان بابر اعظم 22 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، محمد رضوان اور شان مسعود کے مابین 42 رنز کی شراکت رہی‘ شان مسعود کا حصہ 31 رنز کا رہا،پاکستان کا مڈل آرڈر ایک بار پھر ناکام رہا۔ حیدرعلی 6، افتخار احمد 13 اور آصف علی صرف 4 رنز بنا سکے، محمد نواز 8 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ تسکین احمد نے دو وکٹیں حاصل کیں، حسن محمود، مہدی حسن اور نسوم احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔168 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ 25 رنز کے مجموعی سکور پر گری، مہدی حسن 10 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، محمد وسیم نے انہیں آصف علی کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرایا، پاکستان نے جلد ہی دوسرے اوپنر کو بھی چلتا کیا اور 37 رنز کے مجموعے پر صابر رحمان 14 رنز بنا کر چلتے بنے، یہ وکٹ حارث رووف کے حصے میں آئی جنہوں نے اپنی ہی گیند پر کیچ تھام لیا، تیسری وکٹ کی شراکت 50 رنز کی ہوئی تاہم اس سے قبل کہ یہ شراکت خطرہ بنتی 87 رنز کے مجموعی سکور پر محمد نواز نے لٹن داس کو پویلین کی راہ دکھائی، انہوں نے 35 رنز جوڑے، محمد نواز نے مصدق حسین کو کھاتہ کھولنے کا موقع بھی نہ دیا،عاطف حسین اپنی ٹیم کی سنچری بھی نہ کراسکے اور 99 کے مجموعے پر 25 رنز بنا کر شاہنواز دھانی کا شکار بنے، شاداب خان نے بنگلہ کپتان نور الحسن کو 8 رنز پر دبوچ لیا، یاسر حسین مزاحمتی دیوار بن کر پاکستانی ٹیم کے سامنے کھڑے ہوگئے تاہم کوئی دوسرا کھلاڑی انکا ساتھ نہ دے سکا اور بنگلہ دیش 8وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز ہی بناسکی، یاسر حسین 21 گیندوں پر 42 رنز بناکر نمایاںرہے ۔ محمد وسیم نے 24 رنز دے کر تین اور محمد نواز نے 25 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں، حارث رووف، شاداب خان اور شاہنواز دھانی نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔محمد رضوان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ آج کھیلا جائیگا۔ میچ دن گیارہ بجے شروع ہوگا۔ 

ای پیپر-دی نیشن