ورلڈکپ میں نمائندگی: پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم دوحہ پہنچ گئی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کی سٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم سٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ شرکت کیلئے دوحہ پہنچ گئی، یہ مقابلے 7 سے 15 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔ مسلم ہینڈز کی جانب سے تیار کی گئی پاکستان کی سٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم اسلام آباد سے قطر روانہ ہوئی، جہاں وہ سٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی۔یہ مقابلے 7 اکتوبر سے 15 اکتوبر تک دوحہ میں منعقد کئے جارہے ہیں جن میں پچیس ممالک کی اٹھائیس ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔مسلم ہینڈز کے کنٹری ڈائریکٹر سید ضیا النور کا کہنا تھا کہ فٹ بال ٹیم کے یہ کھلاڑی مسلم ہینڈز کی جانب سے ملک کے 17 شہروں میں قائم کردہ فٹبال اکیڈمیز سے ٹرائلز کے بعد چنے گئے ہیں جس کے بعد انھیں میرپور آزاد کشمیر کی مرکزی فٹبال اکیڈمی میں تربیت دی گئی ہے۔ اس کے بعد ان کو ملک بھر کی مختلف کلبوں کیساتھ میچز کھلائے گئے ہیں تاکہ ان کی بھر پور پریکٹس ہوسکے۔واضح رہے کہ مسلم ہینڈز اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم نے 2014 میں برازیل میں منعقدہ ورلڈ کپ اور 2015 میں ناروے کپ میں شرکت کرتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔