• news
  • image

کسی کو جوابدہ نہیں، صرف کرکٹ کھیلتے ہیں جو ہمارا کام ہے: رضوان

لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ہم کسی کو جوابدہ نہیں ہیں، صرف کرکٹ کھیلتے ہیں جو ہمارا کام ہے۔ یہ ایک بہت اچھی چیز ہے کہ سیریز کے آغاز میں جیت ملی ہے، ورلڈ کپ کی تیاری کر رہے ہیں اور ہر جیت سے انرجی میں اضافہ ہوتا ہے۔ ہم یہاں کچھ مختلف کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور کنڈیشن سے ہم آہنگ ہو رہے ہیں، کل بہت سرد موسم تھا لیکن آج میچ ڈے پر کنڈیشنز نارمل تھیں، ہماری خوش قسمتی ہے کہ سورج نکلا ہوا تھا اور ہمیں کھیلنے کا موقع ملا، پچ بہت اچھی اور بیٹنگ کیلئے ساز گار تھی لیکن ہم 10 سے 12 رنز کم تھے، بائولروں نے اچھی بائولنگ کی اسی لیے ہم آسانی سے میچ جیت گئے۔ کل کے میچ کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا، کل ہم آئیں گے اور کنڈیشن کے مطابق فیصلہ کریں گے، دیکھیں کل کیا کنڈیشنز ہوتی ہیں کیونکہ کل میچ نائٹ میں کھیلا جائے گا، ہر میچ میں مختلف اور مشکل کنڈیشنز آسکتی ہیں، پہلے جو ہو چکا ہو اس کو بھلانا پڑتا ہے۔بنگلہ دیش کی ٹیم آسان نہیں ہے، ان کی بائولنگ بہت اچھی ہے، بنگلہ دیش کے پاس تگڑے سکلز والے بائولرز ہیں۔ہم کسی کو جوابدہ نہیں ہیں، ہم کرکٹ کھیلتے ہیں، جو ہمارا کام ہے اس کو اچھے طریقے سے کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جو سوال کرتے ہیں اگر وہ پاکستان کیلئے سوچ رہے ہیں تو ہم انہیں سیلوٹ کرتے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ سب پاکستان کے لیے مثبت سوچ رہے ہیں، جو سوال اٹھاتے ہیں ان کے دل میں بھی پاکستان کا درد ہے۔ ہم بھی انسان ہیں ہم میں کمی بیشی بھی ہے، اس کمی بیشی کو دور کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ سوریا کمار یادیو اچھا کھیلتا ہے، جس طرح وہ کھیلتا ہے مجھے پسند ہے لیکن یہ ضرور دیکھا جائے کہ ٹاپ آرڈر اور مڈل آرڈر مختلف چیزیں ہیں۔میں نے نمبر ون رہنے کیلئے نہیں سوچا، جو پاکستان کی ضرورت ہے وہ پوری کرنے کی کوشش کر رہا ہوں کیونکہ نمبر ون اور مین آف میچ کی سوچ آپ کو منفی طرف لے جاتی ہیں۔ ایسی پچز بھی ملتی ہیں جہاں ساٹھ گیندوں پر چالیس کرنا پڑتا ہے لیکن آپ پاکستان کی ڈیمانڈ کے مطابق کھیلتے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کا میچ پریشر والا ہوتا ہے لیکن میں چیزوں کو سادہ رکھنے کی کوشش کرتا ہوں اور عزت مل رہی ہے، ہم پوری ٹیم پاکستان بھارت کے میچ کو لے کر ابھی پرسکون ہے، ہم ایک سال میں کئی میچز کھیلے ہیں لیکن یہ ورلڈ کپ کا میچ ہے اس لیے اہم ہے، آخر میں اہم پوائنٹس ہیں۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن