سائفر کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل بنایا جائے، شہباز نے جذباتی پریس کانفرنس کی: اسد عمر
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ سائفر کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمشن بنایا جائے، امپورٹڈ حکومت کے کسی بھی کمشن کو نہیں مانیں گے، شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کو چھوڑ کر سیاسی مخالفین کے خلاف کارروائی کیں، اس پر قوم سے معافی مانگیں۔ جمعہ کو پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے ایک بہت جذباتی پریس کانفرنس کی، شہباز شریف کے لہجے سے پتہ چل رہا تھا کہ آپ کو بہت پریشانی ہے، انہیں نظر آ رہا تھا کہ مسلم لیگ ن سیاست میں ماضی بن چکی ہے، رانا ثناء اللہ کے نیچے سائفر کی تحقیقات کو کوئی نہیں مانے گا، پاکستان میں۔ اسد عمر نے کہا کہ اس وقت شدید ترین معاشی بحران ہے، اور وفاقی حکومت اس وقت آنسو گیس کے شیل خریدنے کی باتیں کر رہی ہے، اسلام آباد کو کنٹینرز کے ذریعے بھرنا شروع کر دیا گیا ہے، امپورٹڈ حکومت اپنی عوام سے کتنی خوفزدہ ہے؟ ہم نے صدر مملکت کا بائیکاٹ نہیں کیا بلکہ وہ قومی اسمبلی کا بائیکاٹ تھا جو جاری رہا، سائفر پر بنائے گئے کسی بھی حکومتی کمیشن کو تسلیم نہیں کریں گے۔