• news

فیصل آباد ، پلازہ میں آتشزدگی ، بچوں سمیت ایک خاندان کے 7 افراد زندہ جل گئے 

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی)  چوک گھنٹہ گھر سے چند قدم کے فاصلے پر قواعدو ضوابط کے منافی تعمیر شدہ پلازے میں اچانک لگنے والی آگ سات افراد کی جان لے گئی جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 24افراد بری طرح جھلس گئے۔ شہر کے وسطی علاقے میں پیش آنے والے اندوہناک واقعہ سے شہر کی فضا سوگوار ہوگئی۔ افسوسناک حادثہ کے باعث آج یارن مارکیٹ کو بطور سوگ بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ گھنٹہ گھر چوک کے قریب منٹگمری بازار میں واقع پلازہ میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ پلازہ میں رہائشی فلیٹس اور دفاتر واقع تھے، دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پلازہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں ساٹھ سالہ عبدالستار، اس کے بیٹے چالیس سال عمر فاروق، بتیس سالہ فرحان، فاروق کی بیٹی بارہ سالہ عروش بی بی، فرحان کے بیٹے گیارہ سالہ یوسف اور چار سالہ بلال، دس سالہ معاویہ عثمان بری طرح جھلس کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دو درجن کے قریب افراد بری طرح جھلس کر زخمی ہیں۔ جھلس کر ہسپتال پہنچنے والوں میں سات سالہ حمزہ ولد عمر فاروق، سمعیہ بی بی دختر عمر فاروق، سات سالہ نور فاطمہ، ستر سالہ رضیہ بی بی، چونتیس سالہ طیب ولد عبدالستار، تیس سالہ فائزہ بی بی زوجہ طیب، چودہ سالہ محمد علی ولد طیب، دس سالہ احمد علی ولد طیب، پانچ سالہ حزیفہ ولد طیب، بارہ سالہ فاطمہ بی بی دختر طیب، وجیہہ بی بی زوجہ فرحان، گیارہ سالہ اطہر ولد فرحان، ستائیس سالہ عثمان، پچیس سالہ مبین بی بی زوجہ عثمان، تیس سالہ خضراء زوجہ عمر، چودہ سالہ صبغہ ولد عمر، پانچ سالہ حمزہ ولد عمر، چھتیس سالہ عظیم، اکتیس سالہ حمیرا بی بی زوجہ عظیم، اٹھارہ سالہ نمرہ بی بی دختر عظیم، چودہ سالہ منیبہ بی بی دختر عظیم، پینتالیس سالہ احسان، بائیس سالہ کنزہ بی بی دختر احسان، پندرہ سالہ عمار ولد احسان شامل ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پایا۔ نعشوں کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا جبکہ زخمیوں کو الائیڈ ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں متعدد کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔  تاہم میونسپل کارپوریشن اور ایف ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملٹی سٹوری بلڈنگ کی تعمیر میں حفاظتی اقدامات کو یقینی نہیں بنایا گیا تھا اور ملٹی سٹوری بلڈنگ کی تعمیر قواعد کے مطابق درست نہ تھی۔ علاوہ ازیں  وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے منٹگمری بازار فیصل آباد کے پلازہ میں آتشزدگی سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں  نے کمشنر فیصل آباد سے افسوسناک واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے اور آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے منٹگمری بازار کے پلازہ میں آتشزدگی سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ دلخراش واقعہ کی جامع انکوائری کرائی جائے گی۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی وتعزیت کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے موقع کا بھی دورہ کیا اور موقع پر موجود افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں گے۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے سول ڈیفنس ودیگر متعلقہ محکموں کو شہر کی بلند وبالا عمارتوں میں فائر سیفٹی اقدامات یقینی بنانے کا حکم دیا اور کہا کہ فیسکو انتظامیہ سے بات کرکے گھنٹہ گھر کے اطراف پلازوں و رہائشی عمارتوں کے نزدیک سے گزرنے والی بجلی کی تاروں کو محفوظ بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے ایمرجنسی کے اداروں کی ہنگامی میٹنگ کرکے ایسے واقعات کی اطلاع ملتے ہی ردعمل دکھانے کی ہدایت کی۔

ای پیپر-دی نیشن