• news

اسلام آباد میں ڈینگی کے پھیلاؤ میں تیزی ، مزید ایک مریض جاں بحق 


راولپنڈی+ اسلام آباد (جنرل رپورٹر+این این آئی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈینگی کے پھیلاؤ میں تیزی آگئی ، مزید ایک مریض چل بسا ، تعداد سات ہوگئی ،104نئے کیسز رپورٹ ہوئے ،ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2863تک جا پہنچی ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈینگی نے اپنے وار تیز کر دئیے ،مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہہونے لگا۔اسلام آباد میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ڈینگی سے 104افراد متاثر ہوئے اور ایک مریض چل بسا ۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیس کی جانب سے جاری کردہ ڈینگی اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز دیہی علاقوں سے57 اور شہری علاقوں سے47 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی،دیہی علاقوں میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 1685ہو چکی ہے تاہم شہری علاقوں میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 1178 جا پہنچی۔وفاق میں ڈینگی کے مریضوں کی مجموعی تعداد 2863 ہو چکی ہے ،رواں سیزن میں ڈینگی سے اب تک سات اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔ راولپنڈی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 89  افرادڈینگی وائرس کا شکار ہو گئے، ٹیسٹ مثبت آنے پر علاج معلاجہ پر توجہ دی جانے لگی ہے ،ترجمان محکمہ صحت کے مطابق 2905  افراد اس سال ڈینگی وائرس کا شکار ہو چکے ہیں،الائیڈ ہسپتالوں میں داخل راولپنڈی کے ڈینگی مریضوں کی تعداد 141 ہے، 2 ڈینگی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، پوٹھوہار ٹاون کی یونین کونسل دھاماں سیداں اور چک جلال دین ڈینگی وائرس سے سب سے متاثرہ ہونے والے علاقے ہیں، جہاں پر سپرے اور فوگنگ کس سلسلہ تیز کر دیا گیا ، ان ڈور اور آئوٹ ڈور سرویلینس بھی جا ری ہے تاکہ ڈنگی مچھر کا خاتمہ کیا جا سکے۔

ای پیپر-دی نیشن