• news

سرد جنگ کے بعد پہلی مرتبہ ایٹمی جنگ کا خطرہ درپیش ہے: امریکی صدر

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی صدر جوبائیڈن نے خبردار کیا ہے کہ سرد جنگ کے بعد پہلی مرتبہ دنیا کو ایٹمی جنگ کا خطرہ درپیش ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ ہمیں  1962 میں کینیڈی اور کیوبن میزائل بحران کے بعد سے نیوکلیئر آرماگیڈن کے امکانات کا سامنا نہیں کرنا پڑا لیکن اب روسی صدر جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی دھمکی دے رہے ہیں جس سے خدشہ ہے کہ دنیا میں دوبارہ ایٹمی جنگ شروع ہو جائے۔ امریکی صدر نے پیوٹن کی جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی دھمکی پر تبصرہ کرتے ہوئے سخت الفاظ استعمال کیے اور روس کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ولادیمیر پیوٹن دنیا کو ایک خطرناک موڑ پر لے آئے ہیں۔ صدر جوبائیڈن نے مزید کہا کہ صدر پیوٹن کی ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کی دھمکی کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ امریکی صدر نے یہ بیان روسی صدر کے اس بیان کے ردعمل میں دیا ہے جس میں صدر پیوٹن نے یوکرائن جنگ کے دوران ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکی دی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن