داتا دربار:’’شانِ رحمۃ للعالمین کانفرنس‘‘ علماء ،سیاسی رہنمائوں کی شرکت
لاہور(خصوصی نامہ نگار)ڈائریکٹر جنرل اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے’’ عشرہ شانِ رحمۃ للعالمین ؐکے سلسلے میں داتا دربار میں منعقدہ ’’شانِ رحمۃ للعالمین کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کی بقا اسوہ رسول کی پیروی میں ہے۔ ذاتِ اقدس سے محبت کے بغیر کسی مسلمان کا ایمان مکمل نہیں ہوسکتا۔ تقریباتِ شانِ رحمتہ للعالمینؐ سے پوری سوسائٹی میں محبت و عقیدتِ رسول کے جذبے فراواں ہوئے ہیں۔ آپؐ کا اخلاق، کردار اور شخصیت ہر طرح سے کامل ہے جس کی تا قیامت کوئی مثال نہیں ہو سکتی۔ یہی وجہ ہے کہ غیر مسلم مورخین بھی نبی کریمؐ کے اوصاف حمیدہ بیان کرتے ہیں اور ان کی صفات عالیہ کا اعتراف کرتے ہیں۔ کانفرنس سے خطیب جامع مسجد داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی و دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں مسلمان اگر عزت، عروج اور بلندی کے خواہش مند ہیں، تو اس کیلئے اتباعِ رسولؐ کے بغیرکوئی راستہ نہیں۔ اس موقع پر زونل ایڈ منسٹریٹر اوقاف داتا دربار شاہد حمید ورک،منیجر اوقاف شیخ محمد جمیل سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔