رائے ونڈ: غیر قانونی رکشہ ‘ویگن سٹینڈز کا صفایا ‘35گاڑیوں کے چالان ‘24تھانے بند
رائے ونڈ (نمائندہ نوائے وقت) ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹریفک پولیس کی مشترکہ کارروائی،رائے ونڈ میں جگہ جگہ قائم غیر قانونی رکشہ،ویگن سٹینڈ کا صفایا کردیا گیا۔ عوامی شکایات پر سی ٹی او لاہور منتظر مہدی کی ہدایت پرڈی ایس پی ٹریفک اکرام، ٹرانسپورٹ اتھارٹی سیکرٹری خالد سندھو نے بھاری جمعیت کے ہمرا ہ رائے ونڈ میں غیر قانونی رکشہ اسٹینڈ اور ویگن سٹینڈ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے شہر کی مصروف ترین شاہراؤں پر آپریشن کیا جہاں 35گاڑیوں کے چالان 24گاڑیوں کو تھانے میں بند کرنے کیساتھ 70ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ افسران کا کہنا تھا کہ رائے ونڈ ضلع لاہور کا سب سے اہم اور مصروف ترین علاقہ ہے صنعتی زون ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے اور تجاوزات کی بھرمار سے ٹریفک میں خلل ڈالنے والے عناصر کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ رائے ونڈ میں ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کیلئے مزید نفری تعینات کی جائیگی ۔سڑکوں پر تجاوزات کے خاتمے کیلئے ضلعی انتظامیہ سے بھی مدد لیں گے۔ سرکاری بس سٹینڈ کو فعال اور کامیاب بنانے کیلئے کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا۔