فیصل آباد: محفل میلاد سے 4 نوجوان گرفتار‘ پولیس تشدد سے ایک جاں بحق
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) پولیس کے مبینہ تشدد کا شکار نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا۔ تفصیل کے مطابق تھانہ غلام آباد کے علاقہ میں پولیس ٹیم نے اعجاز ٹاؤن میں منعقد محفل میلاد سے نشہ کرنے والے عثمان طارق سکنہ گلشن کالونی، ثمر سکنہ اعجاز ٹاؤن اور حیدر سکنہ 61 ج ب وغیرہ چار افراد کو حراست میں لیا تھا۔ پولیس نے راستے میں چاروں کو مبینہ طور پر بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں عثمان طارق کی حالت غیر ہو گئی۔ اسے تشویشناک حالت میں جنرل ہسپتال غلام آباد منتقل کیا گیا مگر جانبر نہ ہو سکا۔ نوجوان کی موت کی تصدیق ہوتے ہی پولیس ٹیم پکڑے گئے دیگر تین نوجوانوں کو چھوڑ کر غائب ہو گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ پولیس افسران نے انکوائری شروع کر دی ہے۔