گوجرانوالہ، بااثر ملزموں کا مبینہ اغواء کر کے کارخانہ مالک پر تشدد، ویڈیو وائرل
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) بااثر ملزموں نے کارخانہ کے مالک کو مبینہ طور پر اغواء کرنے کے بعد ڈیرے پر لیجا کر وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، نوجوان کے گلے میں سنگل ڈال کر ڈنڈوں، تھپڑوں اور مکوں سے پیٹتے رہے، تشدد کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ بتایا گیا ہے کہ جنڈیالہ باغوالہ کے رہائشی عثمان لیاقت نے برتنوں کا کارخانہ بنا رکھا ہے جسے گزشتہ روز احمد، اسامہ اور ذیشان وغیرہ سات افراد مبینہ طور پر کار میں بٹھا کر ڈیرہ پر لے گئے۔ اس دوران ایک ساتھی موبائل فون پر ویڈیو بھی بناتا رہا، بعدازاں ملزمان عثمان کو نیم بیہوشی کی حالت میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ متاثرہ نوجوان نے تھانہ صدر پو لیس کو تحریری درخواست دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ملزمان نے اس سے 95ہزار روپے نقدی بھی چھین لی ہے، تشدد کی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔ کارخانہ کے مالک پر ہونے والے تشدد کے نشانات جسم پر واضح نظر آرہے ہیں۔ درخواست گزار نے وجہ عناد بیان نہیں کی تاہم اصل حقائق جاننے کیلئے پولیس مصروف تفتیش ہے۔