شیخوپورہ، وارداتوں، پولیس کی غفلت و رشوت خوری کے خلاف ڈسٹرکٹ بار کی ہڑتال
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے ضلع بھر میں ڈکیتی، چوری ، راہزنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں، پولیس کی مجرمانہ غفلت، جھوٹے مقدمات کے اندراج اور شہریوں کو ناجائز مقدمات میں گرفتار کر کے ان سے ریکوری کے نام پر رقوم بٹورنے اور رشوت لیکر ملزمان کو چھوڑنے کے واقعات پر غیر معینہ مدت کیلئے عدالتوں کا بائیکاٹ کر کے ہڑتال کر دی ہے۔ وکلاء کسی بھی مقدمہ میں عدالتوں میں پیش نہ ہوئے اور انہوں نے ضلع کچہری چوک میں پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی اور مطالبہ کیا کہ ڈی پی او شیخوپورہ کو فی الفور تبدیل کر کے اس کی جگہ کسی کرائم فائٹر، دیانتدار، فرض شناس، ایماندار، عوا م دوست آفیسر کو تعینات کیا جائے۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری چودھری ذوالقرنین ڈوگر ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہاکہ شہر اور ضلع میں غنڈہ گردی، لاقانونیت کے ساتھ ساتھ ڈکیتی، راہزنی کی وارداتوں نے شہریوں کی زندگیاں اجیرن بنا دی ہیں۔ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو پولیس کی پشت پناہی حاصل ہے جس کی وجہ سے جرائم کی شرح میں حیران کن حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔ اشتہار مجرمان دندناتے پھر رہے ہیں۔ پولیس کی آشیر باد سے اوورسیز پاکستانیز کی جائیدادوں پر قبضے کئے جا رہے ہیں۔