بھارت غیر قانونی قبضے والا کشمیر:تلاشی کاروائیاں جاری خاتون سمیت 6 افراد گرفتار
سری نگر(کے پی آئی) بھارتی غیرقانونی قبضے والے کشمیر میں محاصرے اور تلاشی کارروائیاں جاری ہیں۔ مقبوضہ ضلع پونچھ میں خاتون سمیت چھے افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔گرفتار افراد کی شناخت محمد آزاد، قمر الدین، وجاہت، کمال الدین اور سجاد کے نام سے ہوئی ہے۔ گرفتار ہونے والی خاتون محمد آزاد کی اہلیہ ہے ۔ جبکہ کپواڑہ میں ایک بھارتی پولیس اہلکار تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔کپواڑہ کے علاقے ڈرگمولہ میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے بھارتی پولیس کے سپیشل پولیس افسر(ایس پی او)سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں پولیس افسروںکے گھروں میں کام کرنے والے ملازمین کی جانچ پڑتال شروع کر دی ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل جیل ہیمنت کمار لوہیا کے قتل کے بعد محکمہ پولیس اپنے افسران کے گھروں میں کام کرنے والے نجی گھریلو ملازمین کی تصدیق کرے گا۔ اس سلسلے میں محکمہ کی طرف سے پولیس افسران کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔