28.32 ملین روپے مالیت کی 49 کنال سے زائدسرکاری اراضی کو واگزار
لاہور(خبرنگار) دفتر محتسب پنجاب کی جانب سے عوامی شکایات پر صوبائی محکموں کی کارروائیوں کے نتیجے میں مختلف اضلاع میں 28.32 ملین روپے مالیت کی 49 کنال سے زائدسرکاری اراضی کو واگزارکروایا گیا ہے۔ محتسب پنجاب میجر(ر)اعظم سلیمان خان کے حکم پر پاکپتن انتظامیہ نے ساڑھے 40 کنال سرکاری رقبے کو ناجائزقابض افراد سے واگزارکروایا ہے۔
جس کی مارکیٹ ویلیو 61 لاکھ 54 ہزار روپے ہے۔ دفتر محتسب پنجاب کے حکم پر میانوالی میں ریلوے سٹیشن چوک کچہری روڈ پر غیرقانونی تجاوزات ختم کر کے ایک کروڑ 52 لاکھ 18 ہزار 600 روپے مالیت کی سرکاری جگہ واگزارکروا لی گئی ۔ پاکپتن میں 50 لاکھ روپے مالیت کے چھ کنال سرکاری رقبے، سرائے عالمگیر ضلع گجرات میں سوا 14 لاکھ روپے مالیت کی کنال سرکاری اراضی اور خانیوال میں پانچ لاکھ 32 ہزار 250 روپے مالیت کی دو کنال اراضی کو عوامی شکایات پرناجائز قابضین سے واگزار کروایا گیا ہے۔