ہائی کمشنر کی ملاقات ، برطانیہ کیساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں : اسحاق ڈار
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیرخزانہ سنیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ وفاقی وزیرخزانہ سے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر کرسٹین ٹرنر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں برطانیہ سمیت غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور معیشت کی پائیدار بنیادوں پر نمو کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ ملک میں سرمایہ کاری اور کاروبار کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ اسحاق ڈار نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ اور خوشگوار تعلقات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ وزیرخزانہ نے برطانیہ کے ہائی کمشنر کو حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر نے اسحاق ڈار کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور سیلاب سے تباہی پر افسوس کا اظہار کیا۔ دریں اثنا وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر نے ٹیم کے ہمراہ ملاقات کی۔ کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ عالمی بنک سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے دو ارب ڈالر کے فنڈز مختص کر رہا ہے۔ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر اس سال سیلاب متاثرین کیلئے ڈیڑھ ارب ڈالر دیں گے۔