پنجاب اسمبلی ، 5ارکان پر پا بندی کیخلاف شور شرابہ ، اپوزیشن کا با ئیکاٹ ، کورم پر اجلاس ملتوی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایجنڈے کے مطابق چلنے کی بجائے شور شرابے اور کورم کی نذر ہو گیا۔ اپوزیشن نے پانچ ارکان پر پابندی کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے احتجاجاً کارروائی کا بائیکاٹ کرکے ایوان سے باہر چلے گئے، کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس 17اکتوبر تک ملتوی کر دیا گیا۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت کی بجائے ایک گھنٹہ پچاس منٹ کی تاخیر سے پینل آف چیئرمین میاں محمد شفیع کی صدارت میں شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر ہی مسلم لیگ (ن)کے رکن اسمبلی خلیل طاہر سندھو نے نقطہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پیر محل میں اسسٹنٹ کمشنر پر وکلاء نے تشدد کیا ہے جو کہ انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے، اسسٹنٹ کمشنر کا قصور یہ ہے کہ اس نے وکلاء کے کہنے پر سرکاری زمین ان کے نام الاٹ نہیں کی تھی اور وہ اقلیتی برادری سے تعلق رکھتا تھا، اس واقعہ کا نوٹس لیا جائے۔ جواب میں وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت نے بھی اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس بارے میں وزیر داخلہ سے بات کر کے ایوان کو آگاہ کیا جائے گا اور میں یقین دلاتا ہوں کہ تشدد کرنے والوںکے خلاف ہر ممکن کارروائی ہو گی۔ اپوزیشن کی جانب سے ارکان اسمبلی اگر کوئی غیر پارلیمانی بات کرے تو ان پر ایک دن کیلئے پابندی عائد کی جاتی ہے، اپوزیشن کے پانچ ارکان پر پندرہ اجلاسوں کیلئے پابندی عائد کی گئی، یہ پابندی غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، اجلاس وہ افسران چلا رہے ہیں جن کی اپنی عزت نہیں، مشرف کی آمریت کے دوران میںبھی ایسے غیر آئینی اقدامات نہیں ہوئے۔ یہ وقت گزر جائے گا صرف پارلیمان کی عزت ہی باقی رہے گی۔ اپوزیشن نے پانچ ارکان پر پابندی کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کورم کی نشاندہی کر دی۔ پینل آف چیئرمین میاں محمد شفیع نے کہا کہ بات صرف ارکان پر پابندی پر نہیں ہونی چاہیے۔ گزشتہ چار ماہ جو کچھ ہوا سب زیر بحث آنا چاہیے، اسمبلی میں پولیس آئی ارکان پر تشدد کیا گیا، اس پر بھی بات کی جانی چاہیے۔ بعدازاں اپوزیشن ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ اور کورم کی نشاندہی کرکے باہر چلی گئی۔ سپیکر نے گنتی کرائی تو تعداد پوری نہ تھی جس پر پینل آف چیئرمین کی ہدایت پر پانچ منٹ تک گھنٹیاں بجانے کے باوجود کورم پورا نہ ہوا جس پر اجلاس 15منٹ کے لئے ملتوی کردیا، دوبارہ جب گنتی کرائی گئی تو کورم پورا نہ تھا جس پر پینل آف چیئرمین نے اجلاس آج بروز منگل دوپہر دو بجے تک ملتو ی کردیا گیا۔