• news

اسلام آباد سینٹورس آتشزدگی‘ تینوں ٹاورز سیل‘ 2 مقدمات ، انکوائری کمیٹی قائم


اسلام آباد (وقائع نگار+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد میں واقع کثیر منزلہ شاپنگ مال میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مال کے تینوں ٹاورزکو غیر معینہ مدت کے لیے سربمہر کر دیا ہے۔ انتظامیہ نے معاملے کی انکوائری کے لیے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے تین یوم میں رپورٹ دینے کی ہدایت کر دی ہے۔ کمیٹی کو شاپنگ مال میں فائر فائٹنگ سسٹم میں ابتدائی طور پر نقائص کی نشاندہی، آگ بجھانے والے آلات کی ورکنگ کنڈیشن، داخلی و خارجی راستوں کی بندش اور فائر سے متعلق مال انتظامیہ کی آزمائشی مشقوں بارے رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ ضلعی  انتظامیہ نے مال انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کے اخراج میں رکاوٹ کھڑی کرنے پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تھانہ  مارگلہ نے سینٹورس مال میں آتشزدگی کے واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا، ایس ایچ او متین چودھری نے مقدمہ درج کرتے ہوئے بتایا سینٹورس شاپنگ مال کو کسی نامعلوم وجوہات کی وجہ سے آگ لگائی جس سے قیمتی جان و مال کے نقصان کا احتمال ہے، جس کی وجہ سے سردست ارتکاب جرم 436 ت پ پائی جاکر استغاثہ ہذا بجرم مذکور مرتب کر کے بدست کانسٹیبل عبدالرحمان c/7664 بغرض قائمی مقدمہ ارسال تھانہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن