گلی کو چوں میں درودو سلام کی صدا ئیں : عید میلا د النبی ﷺ عقیدت واحترام سے منا ئی گئی
لاہور (خصوصی نامہ نگار+ آئی این پی) دنیا بھر میں سرکارِ دو عالم، نبی مہرباں اور آقائے دو جہاں حضرت محمدﷺ کی ولادت کا جشن عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا۔ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ مساجد میں ملکی امن، حق و خوشحالی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔ لاہور کے ایوب سٹیڈیم کینٹ میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے توپوں کی سلامی پیش کی۔ مساجد، مدارس، گھروں اور دیگر مقامات پر محافل درودو سلام کا انعقاد کیا گیا۔ جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں۔ عید میلاد النبیﷺ کی مناسبت سے نذرو نیاز کا وسیع پیمانے پر اہتمام کیا گیا اور کیک بھی کاٹے گئے۔ سرکاری و نجی عمارتوں سمیت گھروں کو برقی قمقموں سے خوبصورت سجایا گیا تھا۔ عید میلاد النبیؐ کی وجہ سے گلیاں، بازار انتہائی خوبصورتی سے سجائے گئے تھے، گلی گلی درودو سلام کی صدائیں بلند کی گئیں۔ جنہیں دیکھنے کے لیے فیملیز کی بڑی تعداد آئے اور جگہ جگہ پر لوگوں کو اہتمام کے ساتھ نیاز کھلانے کا بھی اہتمام کیاگیا۔ عید میلاد النبیؐ کی خوشی میں درودو سلام کے ہزاروں جلوس نکالے گئے جن میں شرکاء کی بڑی تعداد نے سفید لباس اور ہری پگڑیوں میں نعلین مبارک والے پرچم اٹھارکھے تھے۔ جلوسوں کے راستے میں شرکا کے لیے لنگر کا وسیع اہتمام کیا گیا تھا اور جلوسوں کی آمد پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے اْن کا استقبال کیا گیا۔ کئی بڑے جلوسوں میں قائدین کی تاج پوشی اوردستار بندی بھی کی گئی۔ صوبائی دارالحکومت میں 88 واں قدیمی مرکزی جلوس جامع مسجد حنفیہ محلہ کشمیری سادھواں اندرون اکبری گیٹ سے بعد از نماز ظہر چیئرمین مرکزی جلوس جشن عید میلاد النبی کمیٹی محمد ظہیر بٹ، سجادہ نشین دربار شاہ محمد غوث سید پیر مکرم علی شاہ، علامہ مقصود احمد قادری، صدر تحفظ ناموس رسالت محاذ علامہ صاحبزادہ رضائے مصطفی نقشبندی کی زیر قیادت نکالا گیا، جس میں سنی اتحاد کونسل، تحفظ ناموس رسالت محاذ، مصطفائی تحریک، بزم نوجوانان اہلسنت مسجد عائشہ صدیقہ پیر گیلانیاں، بزم شمسیہ فیض باغ شمالی لاہور، بزم جامعہ حیات القرآن چوک نواب صاحب، بزم شان مصطفی، جامعہ حنفیہ غوثیہ بھاٹی گیٹ، منہاج نعت کونسل موچی گیٹ، بزم الحسنات العلوم مسجد وزیر خان، انجمن طلباء اسلام، المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ، فیضان ویلفیئر آرگنائزیشن ڈیرہ میاں صاحب کدھر شریف، دارالعلوم جماعتیہ رضویہ، جامعہ رسولیہ شیرازیہ، جامعہ کریمیہ، جامعہ تاجدار مدینہ بلال گنج، جامعہ مازاع البصرکریم پارک، جامعہ حق باہو سلطانیہ موہنی روڈ، بزم رضا جامعہ نظامیہ لوہاری گیٹ، تنظیم محمدی کشمیری بازار، انجمن غلامان رسول موتی ٹبہ بھاٹی گیٹ، تنظیم غلامان رسول کٹڑہ ولی شاہ اور دیگر تنظیموں کے سینکڑوں سرکردہ افراد نے شرکت کی۔ شرکائے جلوس درود و سلام کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے چوہٹہ مفتی باقر، اکبری منڈی اور سرکلر روڈ سے ہوتے ہوئے بعد نماز عصر میلاد چوک دہلی گیٹ پہنچے، یہاں علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، شیخ کبیر تاج ،عارف نسیم کشمیر ی، فاروق ضیائی ،محمد عمران حنفی، حامد انجم شیخ، مفتی رمضان سیالوی، سید ادریس شاہ زنجانی، صوفی معراج الدین، ثناء اللہ سلیمان، ڈاکٹر جمال الدین، میاں شہزاد سیفی، میاں شہزاد احمد صدر مصطفائی تحریک پنجاب اور دیگر شخصیات بطور مہمان خصوصی موجود تھیں، جلوس کے افتتاح کے بعد مختلف علاقوں سے آنے والے چھوٹے جلوس بھی مرکزی جلوس میں شامل ہوگئے، مرکزی جلوس روایتی راستوں مسجد وزیر خان، پرانی کوتوالی، کشمیری بازار، ڈبی بازار، پانی والا تالاب، لہنگے منڈی، بازار حکیماں، اونچی مسجد بھاٹی گیٹ سے ہوتا ہوا۔ عرب ممالک میں بھی جشن میلاد النبیؐ مکمل مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ فلسطین، تیونس، شام، عراق، مصر اور لیبیا میں عاشقان رسولؐ سے منفرد انداز میں نبی آخر الزمانؐسے محبت و عقیدت کا اظہار کیا گیا۔ مساجد اور گلیاں سج گئیں، شمعیں روشن کی گئیں، میلاد کی محافل میں نبی پاکؐ کی شان میں درود و سلام پیش کیا گیا۔