• news

ورلڈ ٹیم سنوکر چیمپئن شپ  پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی شکست

ملائیشیا میں جاری 72 ورلڈ ٹیم سنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ پاکستان نے کواٹر فائنل میں بھارت کو چار دو سے شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنا کر ایونٹ میں میڈل یقینی بنالیا۔ 
کامن ویلتھ گیمز 2022 میں پاکستان کے 68 ایتھلیٹس نے 12 مختلف کھیلوں میں شرکت کی تھی جس میںپاکستان نے مجموعی طور پر 8 میڈلز جیتے۔ نوح دستگیر بٹ نے ویٹ لفٹنگ اور ارشد ندیم نے ایتھلیٹکس میں گولڈ میڈل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ ماضی میں مختلف کھیلوں میں متعدد کھلاڑی ملک کیلئے قابل فخر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ کرکٹ‘ ہاکی‘ سکوائش‘ باکسنگ‘ سنوکر اور ریسلنگ میںپاکستان کو اعلیٰ مقام دلا چکے ہیں۔ایک وقت تھا جب پاکستان اپنے قومی کھیل ہاکی کا بے تاج بادشاہ  ہوا کرتاتھا‘ 80 ء کی دہائی کے بعد اس کھیل کو مکمل طور پر نظرانداز کردیا گیا۔ اسی طرح  فٹبال ‘ سکوائش‘ ریسلنگ ‘ سنوکر‘ ٹیبل ٹینس‘ والی بال وغیرہ پر بھی نہ ضلعی سطح پر توجہ دی گئی نہ  عالمی سطح پر مقابلے کیلئے ان کھیلوں کی تیار ی کی گئی، یہی وجہ ہے کہ بین الاقوامی سطح پر  ان کھیلوں میںپاکستان کی کارکردگی انتہائی مایوس کن نظر آتی ہے۔ پاکستان میں بہترین ٹیلنٹ موجود ہے۔  ان کھیلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑی اپنی مدد آپکے تحت ہی اپنا ٹیلنٹ سامنے لا رہے ہیں۔ ان کھیلوں کو اگر سرکاری سرپرستی حاصل ہو جائے تو اس سے ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی ہوگی اور پاکستان میں موجود مزید ٹیلنٹ کوبھی سامنے لایا جاسکے گا۔ اس لئے حکومت کو صرف کرکٹ پر تکیہ کرنے کے بجائے دوسرے کھیلوں کی طرف بھی توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ ہاکی‘ فٹبال‘ سنوکر‘ ریسلنگ‘ ٹیبل ٹینس جیسے دوسرے کھیلوں کی طرف بھی خصوصی توجہ دیکر پاکستان کو علاقائی اور عالمی سطح پر بہترین مقام دلایا جاسکتا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن