آپ نے انسانیت کوظلمت سے نکالا،جہالت کا خاتمہ کیا:میاں جمیل
لاہور(خصوصی نامہ نگار)تحریک دعوت توحید کے مرکزی قائد میاں محمد جمیل نے عظمت توحید اورحرمت رسول کے سلسلے میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضورنبی کریم نے اعلان نبوت کیا تو سب سے پہلی آواز توحید کیلئے بلندکی۔ انسانیت کوظلمت سے نکالا،جہالت کا خاتمہ کیا۔دین ابراہیم کی پیروی کے دعویداروں ،یہودیوں اورعیسائیوں تک اللہ تعالیٰ کا پیغام پہنچایا۔سیدنا ابراہیم،سیدناموسیٰ وسیدناعیسیٰ کی حقیقی تعلیمات سے آگاہ کیا۔ آقا نے دنیا کو عقیدہ توحیدکی اصل روح سے روشناس کرایا اور انسانیت کو پیغام دیاکہ عقیدہ توحید ہی اصل ایمان ہے۔
سید کائنات نے پیغام الٰہی انسانیت تک پہنچا دیا پھرچشم فلک حضورنبی کریم کی تعلیمات اور رہنمائی سے کائنات میں انقلاب برپا ہوتے ہوئے دیکھا۔صحابہ کرام نے احکامات الٰہی اور فرامین نبوی پر عمل کیا تو کامیابی نے ان کے قدم چومے،ایک صالح معاشرہ تشکیل پایا اس لیے آج بھی ضرورت ہے کہ امت قرآن وحدیث پر عمل کرے۔