ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کی بحالی، صدر ہاکی فیڈریشن، سیکرٹری جنرل کا خیر مقدم
لاہور ( سپورٹس رپورٹر)وزیراعظم میاں شہباز شریف کی جانب سے ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کی بحالی کے نوٹیفکیشن کے اجراء کا پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر رخالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری جنرل حیدر حسین نے خیرمقدم کیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے جاری پیغام میں وزیراعظم کی جانب سے ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کی بحالی کو کھیلوں کی ترویج و ترقی کے لئے احسن اقدام قرار دیا گیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر رخالد سجاد کھوکھر نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کی بحالی وقت کی اہم ضرورت تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کی بحالی کا یہ اقدام سپورٹس کی ترقی کے لئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ نوجوان کھلاڑیوں کے لئے روشن مستقبل اور بطور پروفیشنل سپورٹس مین ملازمتوں کے موقع فراہم ہونگے۔سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن حیدر حسین نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کی بحالی کے فیصلہ نے کھلاڑیوں کے دل جیت لئے۔ ملک بھر کے پروفیشنل کھلاڑی بے یارومددگار تھے اور انکا کوئی پرسان حال نہ تھا ایسے وقت میں وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کی بحالی کے نوٹیفکیشن کا اجراء نہ صرف انکے معاشی مسائل کا بہترین حل ہے بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کے لئے روشن مستقبل کی نوید ہے۔