• news

جمہوریت تماشا‘ پی ڈی ایم‘ پی ٹی آئی نے ملک تباہ کیا: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی نے ملک تباہ کیا۔ دونوں اطراف کی حکومتیں اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے قائم ہوئیں۔ موجودہ اور سابق حکمرانوں کی پالیسیوں میں کوئی تضاد نہیں، ان کے ہاں عوام کی فلاح و بہبود کا ایجنڈا پہلے تھا نہ اب ہے۔ حکمرانوں کی عوام کو لڑاؤ اور تقسیم کرو کی سیاست نے معاشرے میں پولرائزیشن کو خطرناک حد تک پہنچا دیا۔ ملک ہولناک معاشی، سیاسی اور سماجی بحرانوں کی زد میں ہے۔ معیشت آئی ایم ایف جب کہ سیاست جاگیرداروں، وڈیروں اور مافیاز کے کنٹرول میں ہے۔ سیکولر لابیز ملک کی سماجی اقدار کو تباہ کرنے کے درپہ ہیں۔ ملک میں قانون کی بالادستی کا تصور ختم ہو چکا، احتساب نام کی کوئی چیز نہیں رہی۔ قوم کا عدالتوں پر اعتماد اٹھ رہا ہے۔ جمہوریت تماشا بن کر رہ گئی۔ گزشتہ 75برسوں میں مارشل لاز اور نام نہاد جمہوری ادوار آزمائے جا چکے۔ ملک میں کوئی بہتری نہیں آئی۔ امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے پاکستان کو اسلامی نظام چاہیے۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد اسی مقصد کے حصول کے لیے ہے۔  قوم نے تینوں بڑی جماعتوں کو آزما لیا اب ایک موقع جماعت اسلامی اور اسلامی نظام کو ملنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان این اے 22 ضمنی الیکشن کے سلسلے میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جماعت اسلامی کے امیدوارعبدالواسع نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ ڈالر کی قیمتوں میں کمی کا فرق گراؤنڈ پر نظر نہیں آ رہا۔ عوام مہنگائی کی چکی میں بدستور پس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا اب حالات میں بہتری لانے کا صرف ایک حل ہے اور وہ یہ کہ عوام آزمائے ہوئے جاگیرداروں، وڈیروں اور ظالم سرمایہ داروں کو مسترد کر کے اہل اور ایماندار قیادت کو آگے لائے۔ قوم جان لے کہ سانپوں کو مزید دودھ پلایا گیا تو وہ اژدھے بن کر عوام کو ہی کھا جائیں گے۔ بعدازاں لوئر دیر میں سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے کہا ہر مسلمان نبی آخرالزماں کے لائے ہوئے نظام کو غالب کرنے کیلئے جدوجہد کرے۔
سراج الحق

ای پیپر-دی نیشن