لاہور سموگ سے آفت زدہ قرار ہائیکوٹ نے خاتمے کے اقدامات کی رپوٹ آج طلب کر لی
لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ میں عدالتی حکم پر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے لاہور شہر کو سموگ سے آفت زدہ علاقہ قرار دینے کا نوٹیفکیشن عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔ جسٹس شاہد کریم نے شہر میں آلودگی کے تدارک سے متعلق کیس میں چیف سیکرٹری پنجاب سے انسداد سموگ کیلئے کئے گئے اقدامات بارے رپورٹ بمعہ تمام نوٹیفکیشن آج طلب کرلی ہے۔ عدالت نے سیاسی دباؤ بالائے طاق رکھتے ہوئے آلودگی کے تدارک کیلئے اقدامات اٹھانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ افسران سیاسی دباؤ کو نظر انداز کرکے کام کریں۔ عدالت نے 1200 صنعتوں کو بند کرنے کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری ماحولیات سے تفصیلی رپورٹ تیار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سیکرٹری ماحولیات کی رپورٹ کی تصدیق بھی کرائی جائے گی۔ چیف سیکرٹری چاہیں تو ایک گھنٹے میں تمام نوٹیفکیشن کروا سکتے ہیں۔ ماضی کے چیف سیکرٹری کے دفاتر میں وزیراعلی بھی جاتے ہوئے گھبراتا تھا۔ اب تو چیف سیکرٹریوں نے اپنے عہدے کو پست کرلیا ہے۔ عدالت میں جوڈیشل واٹر اینڈ انوائرمینٹل کمیشن کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ عدالتی حکم پر عملدر آمد کرا رہے ہیں۔ عدالتی حکم پر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے لاہور شہر کو سموگ سے آفت زدہ علاقہ قرار دینے کا نوٹیفکیشن عدالت میں پیش کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سموگ کے تدارک کیلئے صوبے بھر میں سموگ کی وجہ بننے والی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
سموگ / ہائیکورٹ