• news

مذہب کے نام پر جھگڑنے والے مصطفوی تعلیمات کو بھول گئے: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے 39ویں عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذہب کے نام پر جھگڑنے اور علمی اختلاف رائے کو دشمنی میں تبدیل کرنے والے مصطفوی تعلیمات کو بھول گئے۔ اسلام اول روز سے دین امن و سلامتی رہا ہے۔ وحدت و یکجہتی اور خوشحالی و استحکام امت کیلئے سیرت النبیؐ کی پیروی کرنا ہو گی۔ آپؐ مخالفین کے ساتھ بھی نرم خوئی سے پیش آتے۔ آپ ؐ نے ہمیشہ حکمت، بصیرت، نرم خوئی اور احسن انداز کے ساتھ دین کی دعوت دی۔ ہمیں آج خود سے یہ سوال کرنا چاہیے کہ مذہبی معاملات میں علمی اختلاف رائے پر اپنے مسلمان بھائیون کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک اور اختیار کیا جانے والا طرز تکلم کیا مصطفوی تعلیمات کے مطابق ہے؟ اگر ہم خاتم النبین ؐ سے حبی و قلبی وابستگی کے دعویدار ہیں تو پھراخلاق سنوارنے پر سب سے زیادہ توجہ دینا ہو گی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کرنے والے ہزاروں علماء مشائخ اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات کومبارکباد دی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری ، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، نائب صدر بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خان، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے اندرون و بیرون ملک سے آنے والے علمائے کرام و غیر ملکی وفود کو خوش آمدید کہا۔ عالمی میلاد کانفرنس میں جامع الازہر (مصر) سے پروفیسر ڈاکٹر ابراہیم صلاح، پروفیسر احمد محمود حسن شریف نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔ جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ، جسٹس(ر) نذیر احمد غازی، سجادہ نشین حضرت سلطان باہو پیر سلطان احمد علی، پیر سید شمس الرحمن مشہدی، امیرمتحدہ جمعیت اہلحدیث سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، سربراہ جامعہ عروۃالوثقیٰ سید جواد نقویٰ، ڈی جی اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری سجادہ نشین دربار مٹھن شریف، مفتی محمد رمضان سیالوی، سید عبد الماجد محبوب گیلانی، سید معین الدین محبوب کوریجہ، نائب ناظمین اعلیٰ انجینئر رفیق نجم، رانا محمد ادریس، رانا محمد نفیس قادری، علامہ میر آصف اکبر، حافظ سعید رضا بغدادی، افضل نوشاہی، شہزاد برادران، ظہیر بلالی، شہزاد حنیف مدنی نے گلہائے عقیدت پیش کئے، قاری اللہ بخش نقشبندی، قاری خالد حمید کاظمی نے تلاوت قرآن پاک کا شرف حاصل کیا۔ عالمی میلاد کانفرنس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جن میں خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔ کانفرنس کے اختتام پر درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا۔ آتش بازی کی گئی اور ملکی سلامتی کیلئے دعائیں کی  گئیں۔
طاہر القادری

ای پیپر-دی نیشن