رواں مالی سال 2ماہ میں زرعی انکم ٹیکس وصولی پچھلے برس کی نسبت 2.3کروڑ زائد
لاہور (احسن صدیق) پنجاب میں رواں مالی سال 23-2022ء کے پہلے2 ماہ (جولائی سے اگست) کے دوران زرعی انکم ٹیکس کی وصولی گزشتہ مالی سال کی اتنی مدت کے مقابلے میں 2.3کروڑ روپے زائد ہوئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ کے دوران 7.94کروڑ روپے کی زرعی انکم ٹیکس کی وصولی ہوئی جبکہ گزشتہ مالی سال کی اتنی مدت کے دوران پنجاب میں 5.64کروڑ روپے کی زرعی انکم ٹیکس کی وصولی ہوئی تھی۔ جولائی میں زرعی انکم ٹیکس کی وصولی کا حجم 3.2 کروڑ روپے اور اگست میں 4.74کروڑ روپے کی انکم ٹیکس کی وصولی کی گئی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے دوماہ کی زرعی انکم ٹیکس کی وصولی سے خدشہ پیدا ہو گیا ہے کہ رواں مالی سال کے لئے زرعی انکم ٹیکس کی وصولی کے لئے 2.85 ارب روپے کا مقرر کردہ ہدف حاصل نہیں ہو سکے گا، کیونکہ اس ہدف کو حاصل کرنے کے لئے ہر ماہ 23.75 کروڑ روپے کی زرعی انکم ٹیکس کی وصولی ضروری ہے۔ واضح رہے کہ پنجاب میں گزشتہ مالی سال 22-2021ء کے دوران زرعی انکم ٹیکس کی وصولی مقررہ ہدف سے 15.4 فیصدکم ہوئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پنجاب حکومت نے گزشتہ مالی سال 22-2021ء کے لئے زرعی انکم ٹیکس کی وصولی کا ہدف 5.25 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا جسے بعد میں نظر ثانی کر کے 2.5 ارب روپے کر دیا گیا لیکن اس کے باوجود پنجاب میں گزشتہ مالی سال کے دوران زرعی انکم ٹیکس کی وصولی 2 ارب 11کروڑ 40 لاکھ روپے رہی، جو نظر ثانی شدہ 2.5 ارب روپے سے 38.94 کروڑ روپے کم ہے۔
زرعی ٹیکس